سیلمان شہباز نے ڈیلی میل پر 'پلانٹڈ سٹوری'  کرنے کا الزام لگا دیا

سیلمان شہباز نے ڈیلی میل پر 'پلانٹڈ سٹوری'  کرنے کا الزام لگا دیا
وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سیلمان شہباز نے برطانوی اخبار ڈیلی میل پر شریف خاندان کے خلاف "پلانٹڈ سٹوری" کرنے کا الزام لگا دیا۔

سیلمان شہباز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا تین روز قبل فیصلہ آیا۔ ڈیوڈ روز جو ڈیلی میل کے اس آرٹیکل کا لکھاری تھا، اس کو اس وقت کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر  نیب لاہور کے سیل میں لے کر آیا۔ اس وقت شہباز شریف، حمزہ نواز، مریم نواز،  خواجہ سعد رفیق اور دیگر لوگ بھی گرفتار تھے۔ ڈیوڈ روز کو وہاں پر لے جا کر جھوٹی بریفنگ دی گئی۔ سٹوری کو ڈیلی میل میں "پلانٹ" کیا اور برطانیہ کے اخباروں میں اس آرٹیکل کو لگوایا۔ شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا کیس فائل کیا جو  تین سال تک چلا۔ کیا نتیجہ نکلا اس کیس کا؟ پہلے دلائل ہم جیتے، تین دن پہلے ڈیلی میل نے پاکستان سے معافی مانگی۔

سیلمان شہباز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس آرٹیکل میں الزامات تھے کہ شریف خاندان نے زلزلہ زدگان کے فنڈز میں چوری کی تھی ۔ ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی ۔قومی احتساب بیورو نے کہا تھا کہ چوری ہونے والی رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کیلئے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی ۔

واضح رہے کہ سنہ  2019 میں وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی روزنامے اور اس کے صحافی ڈیوڈ روز پر عوامی فنڈز کے غلط استعمال کا الزام لگانے پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا۔

قبل ازیں سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہو ئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے سلیمان شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے کہا کہ 2018 میں بیرون ملک گیا اور 2020 میں مقدمہ بنایا گیا اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا۔ عدالت نے اشتہاری قرار دینےکی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی۔  حفاظتی ضمانت منظورکی جائےتاکہ لاہورکی متعلقہ عدالت میں پیش ہوسکوں۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ اسپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

عدالت نے سلیمان شہباز کے وکیل کےدلائل سننے کے بعد وزیراعظم کے صاحبزادے کی 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور سلیمان شہباز کو 14 روز میں لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔