وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی، ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ چینی کپاس کی درآمد کی منظوری نہیں دی، بھارت کے ساتھ تجارت کشمیرکی قیمت پر نہیں ہوسکتی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے،23 مارچ کے بھارتی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیا گیا ہے،کشمیر کا سوداکرنے کی کسی کی جرات نہیں ، عمران خان کے ہوتے ہوئے کشمیرکا سودا کوئی نہیں کر سکتا۔
یاد رہے کہ پہلے کابینہ نے بھارت سے چینی اور کاٹن منگوانے کی منظوری دی تھی تاہم شدید عوامی تنقید کے بعد فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت سے تب تک تجارت نہیں ہو سکتی جب تک وہ کشمیر کے معاملے پر 370 کا مسئلہ حل نہیں کرتا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کہا کہ جب تک کشمیر 5 اگست والے اقدامات واپس نہیں لیتا تب تک کوئی تجارت نہیں ہوگی۔