Get Alerts

پی ٹی آئی اور ن لیگ کی اہم سیاسی شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت

پی ٹی آئی اور ن لیگ کی اہم سیاسی شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت
پاکستان پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کی اہم وکٹوں اڑا دیں۔ سابق اراکین اسمبلی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب سے پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والی سیاسی شخصیات اور سابق اراکین نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے بعد جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ ن کی سیاسی شخصیات اور سابق صوبائی وزیر سید ہارون احمد سلطان بخاری، سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ نے  پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی جبکہ تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری اصغر جٹ بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے مظفر گڑھ سے پی پی 271 سے امیدوار ملک فیض احمد جبکہ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار برائے بہاؤولنگر رانا انتظار احمد، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر عامر وٹو، خانیوال کے سابق چیئرمین مسعود مجید نے پی ٹی آئی چھوڑ پر پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر زرداری ہاؤس میں سید یوسف رضا گیلانی، سید احمد محمود، اراکین اسمبلی سید مرتضیٰ محمود اور سید مصطفیٰ محمود بھی موجود تھے۔

زرداری ہاؤس میں سیاسی زعماء کی شمولیت کے موقع پر پی پی پی ضلع مظفرگڑھ کے جنرل سیکریٹری ملک مظہر پہوڑ، ملک فیاض احمد کھکھ ایڈووکیٹ اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔