بالی ووڈ انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ 56 سالہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فلم ساز 47 سالہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوگئی۔
دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں 2011 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ دونوں نے متعدد فلمی منصوبے ایک ساتھ کیے اور شادی سے قبل بھی دونوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے تھے۔ شوبز سٹار کی جانب سے طلاق کی تصدیق کیے جانے سے قبل ان کے درمیان کسی بھی طرح کے اختلافات یا اعتراضات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں بلکہ دونوں کو رومانوی انداز میں دیکھا جاتا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق عامر خان اور کرن راؤ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں شادی ختم ہوجانے کی تصدیق کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں نے طلاق کا سبب نہیں بتایا، تاہم تصدیق کی کہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی ہے اور دونوں واحد بیٹے آزاد خان کی مشترکہ پرورش کریں گے۔ خبر رساں ادارے ’آئی اے این ایس‘ نے بتایا کہ دونوں نے 3 جولائی کو میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق ہوجانے کی تصدیق کی۔
’انڈین ایکسپریس‘ نے بتایا کہ دونوں کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے 20 سالہ ساتھ کو خوبصورت رشتے کا نام دیا اور بتایا کہ اب دونوں میاں اور بیوی طور پر ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ وہ ایک بیٹے کی پرورش کے مشترکہ والدین کے طور پر ساتھ رہیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں نے 20 سال تک ایک دوسرے کی عزت کی اور 15 سال تک ان کا رشتہ میاں اور بیوی کے طور پر رہا مگر اب دونوں کے نئے رشتے اور تعلق کا آغاز ہوگا۔ بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دونوں نے طلاق سے متعلق کچھ عرصہ قبل ہی سوچنا شروع کیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق کیوں سوچنا شروع کیا تھا؟
خیال رہے کہ کرن راؤ سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ عامر خان کو پہلی شادی سے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی ارا خان اور بیٹا جنید خان ہے جو کہ جلد ہی فلموں میں دکھائی دیں گے۔
عامر خان کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی ان کے تعلقات کرن راؤ سے استوار ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2005 میں شادی کی۔کرن راؤ نے شوہر عامر خان کی متعدد فلمیں پروڈیوس کیں اور دونوں کے درمیان انتہائی اچھے تعلقات رہے تھے اور کبھی بھی ان کے درمیان اختلافات یا کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں۔