وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے گرد گھیرا دن بدن تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے بھائی احمد مجتبیٰ مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں اینٹی کرپشن نے طلب کر لیا۔
اینٹی کرپشن نے بشریٰ بی بی کے بھائی کو تحقیقات کیلئے 6 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ احمد مجتبیٰ نے چیئرمین مارکیٹ کمیٹی دیپالپور کے ذریعے سرکاری زمین پر قبضہ کرایا۔ حکام کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ دیپالور میں سرکاری جگہ پر قبضہ کرا کے دکانیں تعمیر کی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ہیڈ کو براہ راست ہدایات دے رہی کہ کیسے انہوں نے علیم خان سمیت دیگر کیخلاف ٹرینڈ چلانے ہیں اور ان کو غدار ثابت کرنا ہے۔
اس مبینہ آڈیو لیک میں سنا جا سکتا ہے کہ بشریٰ بی بی ارسلان خالد جو کہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ ہیں ان کو ہدایات دے رہی ہیں کہ بیانیہ کیسے بنانا ہے اور عمران خان کو کیسے بچانا ہے۔
اس لیک آڈیو میں بشریٰ بی بی ہدایات دے رہی ہیں کہ خط کا معاملہ زیادہ اٹھائو، ان سب کو غداری کے ساتھ لنک کردو، علیم خان اور دوسرے جو بات کریں ان پر غداری کا بیانیہ چلائو۔ آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھانا ہے۔ اسے بھی غداری سے لنک کرو۔
بشریٰ بی بی نے ارسلان خالد کو ہدایات دیں کہ خان صاحب نے آپ سے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا۔ مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ آپ کا سوشل میڈیا تو بہت ایکٹو تھا، اب اس کو آخر کیا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک، ہمارے مخالفین کیخلاف غداری کے ٹرینڈ چلا دو، سوشل میڈیا کو کھلم کھلا ہدایات
انہوں نے ارسلان خالد سے پوچھا کہ بیٹا آخر ایسا کیوں ہے؟ آپ لوگوں کو تو آج کل بہت زیادہ ایکٹو ہونا چاہیے۔ علیم خان اور اس جیسے دیگر لوگ میڈیا پر آ کر میرے اور خان صاحب کے بارے میں بہت باتیں کریں گے۔ انہوں نے آکر اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے۔
آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں کہ یہ لوگ میرے ساتھ جو بچی فرح ہوتی ہے، اس کیخلاف بھی بولیں گے۔ اتنا گند ڈالیں گے، اور لوگوں کی گواہیاں بھی دیں گے۔ لیکن آپ نے اس کا کوئی ایشو بننے نہیں دینا بلکہ سب کو غداری سے لنک کر دینا ہے۔
مبینہ طور پر ارسلان خالد کو ہدایات دیں کہ علیم خان اور اس سمیت جتنے بھی لوگ ہیں، یہ لوگ جتنا بھی گند ڈالیں، اس کو غداری کے ساتھ جوڑنا لازمی ہے۔ کیونکہ یہ سب کچھ ایک پلاننگ کے تحت ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر خاص طور پر خط کے معاملے کو اٹھایا جائے۔ کیونکہ ہمیں پتا ہے کہ وہ خط درست ہے۔ اور ہمیں پتہ ہے کہ غداری کی وجہ سے یہ سب لوگ آج اکھٹے ہو چکے ہیں۔