این آر او مانگنے اور دینے والے دونوں پر لعنت ہے: شاہد خاقان عباسی

نارووال: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ  عمران خان ہی بتائیں گے کہ کون این آر او مانگ رہا ہے اور این آر او مانگے اور دینے والے دونوں پر لعنت ہے۔


شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’ عمران خان احتساب کرو ہم تمہارا بھی احتساب کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ احتساب ہو‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ملک کا سب سے بڑا ٹیکس چور عمران خان ہے، عوام کے عطیات چوری کرنے والا بھی عمران خان ہے اور ہم اس کے ثبوت دیں گے‘۔

نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور دنیا میں ایک مقام رکھتا ہے، قومی ہم آہنگی اور یکجہتی وقت کی ضرورت ہے جب کہ فوج سرحدوں پر دشمنوں کا مقابلہ کرتی ہے، ہمیں ملک کے اندر اپنی صفحوں میں دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

 شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ (ن) لیگ میں کوئی گروپ بندی نہیں، نوازشریف، شہباز شریف اور (ن) لیگ کا بیانیہ ایک ہی ہے، شہبازشریف کی خواہش تھی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذمہ داری کسی اورکو دی جائے (ن) لیگ کے لیڈر نوازشریف ہیں اور وہی پارٹی کے فیصلے کرتے ہیں لہذا (ن) لیگ میں دھڑے بندی کی قیاس آرائیاں چھوڑدیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو نکال دیا یہ ان کی کارکردگی ہے، پاکستان کے عوام پی ٹی آئی کے 5 سال برداشت نہیں کرسکتے، 8 ماہ میں دگنی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی، یہ عمران خان، شاہ محمود اور جو چلے گئے ان سورما کا تحفہ ہے‘۔