نادیزدا کرپسکایا جو ہر دکھ سکھ میں سایے کی مانند لینن کے ساتھ رہی

کانگریس کی میٹنگوں میں ممبران کی آپس میں تلخیاں، لنین کا شدید جذباتی تناؤ میں آنا، رُوسی جلاوطنوں کی ابتر حالت اور فنڈز کی کمی؛ یہ سب وہ پریشانیاں اور مسائل تھے جو اکثر لینن کو اپ سیٹ کرتے۔ ایسے میں اُسے نارمل کرنا کرپسکایا کا وہ کام تھا جسے کرتے ہوئے اُس نے کبھی اکتاہٹ یا بیزاری محسوس نہیں کی۔

نادیزدا کرپسکایا جو ہر دکھ سکھ میں سایے کی مانند لینن کے ساتھ رہی

انیس ہارون کی آپ بیتی میں فہمیدہ ریاض کا بہت ذکر ہے۔ دوستی تھی دونوں میں۔ ترقی پسند نظریات میں بھی دونوں ہم رائے اور ہم نوا تھیں۔ لینن سے بڑی عقیدت اور روس سے وابستگی تھی۔ ایک جگہ انیس لکھتی ہیں کہ انہیں اپنے شوہر سے بہت محبت تھی۔ میاں کا کام کرنے سے وہ خوشی محسوس کرتی تھیں۔ یہاں فہمیدہ انہیں لتاڑتی تھیں۔ ستی ساوتری جیسے طعنوں سے نوازتی تھیں۔

دراصل یہ سوچ فہمیدہ کے ہاں ہی نہیں بلکہ بیش تر ترقی پسند خواتین کے ہاں غالب نظر آتی ہے۔ میرے خیال میں یہ بچگانہ سوچ ہے۔ انسانوں میں محبت کا جذبہ اُن کی بنیادی جبلت ہے۔ اگر جوڑے میں پیار ہے تو ایک دوسرے کا کام کرنے میں کیا شرمندگی اور کیسی توہین؟ چلیے عظیم مسلمان عورتوں کا اس ضمن میں کیا کردار تھا اُسے تو چھوڑیے۔ اُن کے اپنے لیڈر لینن کی بیوی کرپسکایا جو رول ماڈل کی صورت میں ان عورتوں کے سامنے ہے، اُس کی ازدواجی زندگی کی جھلکیاں دیکھیے کہ بطور بیوی وہ کس قدر محبت کرنے والی، کتنی باوفا، ہمدرد، کتنی غم گسار، غریبی اور دُکھ کے دنوں میں ہر لمحہ ساتھ دینے والی، شوہر کی طبیعت اور مزاج کی نرمی گرمی برداشت کرنے والی تھی۔ کیسی عظیم عورت تھی۔

تو آئیے تھوڑا سا وقت کرپسکایا کے ساتھ گزاریں۔

محبت کب، کہاں اور کیسے ہوئی، یہ بھی بڑی دلچسپ داستان ہے۔

پیٹرز برگ کے ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں پڑھنے والی لڑکی نادیزدا کرپسکایا Nadezhada Krupskayaخوبصورت چہرے والی، جس کی آنکھوں میں کام کرنے اور صعوبتوں کو برداشت کرنے کاعزم تھا۔ سیدھے سنہری بالوں کے نیچے دماغ انقلابی تھا۔ تن پر معمولی سا لباس قناعت اور سادگی کا مظہر تھا۔ ایک سوشل ڈیموکریٹ گروپ کی جانب سے قائم سٹڈی سرکل میں مزدوروں کو فارغ وقت میں پڑھایا کرتی تھی۔

لینن نے قانون پڑھا، مگر وکالت کے بجائے انقلابی سرگرمیاں اس کا محور تھیں اور پیٹرز برگ کی زمین زیادہ انقلابی تھی۔ اس سٹڈی سرکل میں وہ نکولائی پیٹرو واچ کے فرضی نام سے لیکچر دینے لگا۔ لینن کی شخصیت ذرا متاثر کن نہ تھی۔ پر اس کا علم، اُس کاانداز ِبیان، اُس کے دلائل سیدھے دل میں اُترتے۔ وہ مارکس کی  'Capitalism'میں سے تھوڑا سا پڑھتا، اُس کے ہر پہلو کی وضاحت کرتا۔ پھر مزدوروں سے اُن کے کام اور حالات کار کے بارے میں پوچھتا۔ سادہ سے لہجے، سادہ سی زبان میں روزمرّہ زندگی کی مثالوں سے ہی وہ مزدوروں کی زندگی کو سماج کے ڈھانچے سے جوڑ دیتا۔ اُس کے ہاں نظریہ اور عمل لازم وملزوم تھے۔ اور کرپسکایا شدید متاثر ہو چکی تھی۔

لیف لیٹس کی تیاری میں اُس کا گہرا انہماک، توجہ اور لینن سے صلاح مشورے کے لیے اُس کی طرف کرپسکایا کا غیر معمولی جھکاؤ اُس کے دلی جذبوں کا عکاس تھا۔ گرفتاریاں ہو گئیں۔ دونوں پکڑے گئے۔ لینن کو سائبیریا بھیج دیا گیا۔ اور جب اُسے کہیں اور جلاوطن کیا جانے لگا تو وہ افسران بالا کے سامنے پیش ہوئی۔ اُس نے کہا؛

'پلیز مجھے شوشن شکوئے بھیج دو'۔ لینن اُسے  Shu. Shu. Shu کہتا تھا۔

اس کی درخواست مان لی گئی۔ جب وہ وہاں پہنچی تو اُس نے ہنس کر کہا؛

'تو اب بیاہ کرتے ہیں اور اس جہنم جیسی زندگی کو جنت میں بدلتے ہیں'۔ اور دونوں کا بیاہ ہو گیا۔

وہ لینن کا سایہ تھی۔ سائبیریا کے بیابانوں سے لے کر 'کریملن اور گورکی' کے اُس کمرے تک جہاں اُس نے آخری سانسیں لی تھیں۔ زندگی جہد مسلسل تھی۔ معاشی مسائل نے ہمیشہ پریشان کیا۔ جنیوا، لندن، میونخ، پیرس، سوئٹزرلینڈ کے سستے ترین علاقوں میں ایک ایک کمرے کے فلیٹ میں اُن کی جلا وطنی کا سارا وقت گزرا۔ بازار سے سودا سلف لانا، کھانا پکانا، کپڑے دھونا، پارٹی کے مسائل اور اُن کے جھگڑے۔ ہفت روزہ 'اسکرا' کے ادارتی بورڈ میں ممبران کے مابین ڈھیروں ڈھیر مسائل، توڑ جوڑ، ملک کے دگرگوں سیاسی حالات، ایسے میں وہ استقامت سے اُس کے ساتھ اس کا دستِ راست بن کر ہمیشہ کھڑی رہی۔ 'اسکرا' کے مضامین کی پرُوف ریڈنگ کرتی۔ اندرون ملک سے آئے کامریڈز کے خطوط کو پڑھتی۔ لینن کی ہدایات پر اُن کے جواب لکھتی۔

دودھ اور لیموں سے لکھے جانے والے ٹاپ کنفیڈنشل خطوں کو بھی پڑھنے کی ذمہ داری اُسی کی تھی۔ یہ خط پڑھنے بُہت دُشوار تھے۔ کانگریس کی میٹنگوں میں ممبران کی آپس میں تلخیاں، لنین کا شدید جذباتی تناؤ میں آنا، رُوسی جلاوطنوں کی ابتر حالت اور فنڈز کی کمی؛ یہ سب وہ پریشانیاں اور مسائل تھے جو اکثر لینن کو اپ سیٹ کرتے۔ ایسے میں اُسے نارمل کرنا کرپسکایا کا وہ کام تھا جسے کرتے ہوئے اُس نے کبھی اکتاہٹ یا بیزاری محسوس نہیں کی۔

لینن کی صحت گرتی جا رہی تھی اور اُن کے پاس ڈاکٹر کا علاج کروانے کے لئے پیسے نہیں تھے۔ زبردستی کرپسکایا اُسے معائنے کے لئے لے گئی۔

اسے 'ہولی فائر' ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر نے بتایا۔ اور کرپسکایا نے لمبی سانس بھرتے ہوئے ڈاکٹر سے مرض کی تفصیل سنی۔ علاج کیسے ہوتا کہ اُن کے پاس ڈاکٹر کی فیس کے لیے ایک گنی بھی نہیں تھی۔

دونوں گھر آئے۔ لینن کرسی پر بیٹھا چُپ چاپ، سنجیدگی اور تفکّر میں ڈوبا ہوا تھا۔ جب اُس نے کہا؛

'ایلیچ وہ گیت گاؤ جو تمہارا فیورٹ ہے'۔

'مجھے تم سے پیار ہے، ایسا پیار جو کبھی ختم نہیں ہو گا'۔

وہ مُسکرایا اور بولا؛ 'تم بڑی ظالم ہو'۔

اور اُس شام اُس چھوٹے سے کمرے میں اُن دونوں کی آوازوں نے مل کر بُہت سارے گیتوں کی ٹانگیں توڑیں۔

'They did not marry us in the church'

کوئی بھی گیت انہیں پورا نہیں آتا تھا۔ بس وہ گاتے رہے، ہنستے رہے اور اس ہنسی میں اپنے غم اور پریشانیوں کو تحلیل کرتے رہے۔ جہاں قوت ارادی زبردست ہو، محبت و پیار اور احساس کی فراوانی ہو تو پھر گھریلو ٹوٹکے بھی مسیحائی کا کردار ادا کر دیتے ہیں۔

لینن میوزک کا حد درجہ دلدادہ تھا۔ بہت مگن ہو کر موسیقی سُنتا۔ یادداشت تو یوں بھی کمال تھی۔ زمانوں پرانے گیت اور موسیقی کی دُھنیں اُن کے ساتھ وابستہ یادیں سبھی اپنی تفصیلی جزئیات کے ساتھ یاد ہوتیں۔ وائلن کا بہت شوقین۔ پیانو بھی کمزوری تھا۔ بیھتوون کے سانٹیز Pathetique and Appassionata بہت پسند تھے۔ اکثر جذب کے عالم میں نیم وا آنکھوں سے وہ اُداسی میں لپٹی مسکراہٹ لبوں پر لاتے ہوئے کرپسکایا سے کہتا؛

'جی چاہتا ہے میں  appassionataکو روز سُنوں اور سُنتے سُنتے اس میں گُم ہو جاؤں۔ یہ کیسی جسم و جاں میں حلُول کرتی سحر انگیز موسیقی ہے۔ پر میں اِسے ہر روز نہیں سُن سکتا۔ یہ میرے اعصاب پر اثرانداز ہوتی ہے'۔

کلاسیک لٹریچر کا بڑا شائق۔ ٹالسٹائی کو بار بار پڑھتا۔ لُطف اُٹھاتا اورکہتا؛

'کرپسکایا یورپ میں ٹالسٹائی کا مقابلہ کِس سے کرو گی؟'

اپنے ہاتھوں کو خوشی و سرشاری سے مَسلتے ہوئے وہ اپنے سوال کا جواب خود ہی دیتا؛

'کسی سے بھی نہیں۔ کوئی بھی اُس جیسا نہیں'۔

بیلے کی نسبت اوپیرا زیادہ پسند تھا، پر اکثر پہلے ایکٹ کے بعد اُٹھ جاتا تھا۔ اور یہ بھی نہیں خیال کرتا تھا کہ وہ جو ساتھ بیٹھی ہے وہ اٹھنا نہیں چاہتی۔ تھئیٹر بھی شوق سے دیکھتا۔ اچھی پرفارمنس ہمیشہ اُسے شدید متاثر کرتی۔ جب کبھی کرداروں پر بحث کے موڈ میں ہوتا تو کرپسکایا کو بولنے نہ دیتا۔

لکھنے میں رفتار حیرت انگیز تھی۔ تحریر ہمیشہ لوجک پر ہوتی۔ تصحیح کی ضرورت بہت کم پڑتی۔ تقریر ہمیشہ سادہ اور جوش و جذبے سے پُر ہوتی۔ بولنے کا انداز بھی سادہ ہوتا۔ خالصتاً رُوسی سٹائل۔ یہ جذباتی طور پر چارج کرتی، پر مصنوعی نہ لگتی۔ لفظوں کا انتخاب ہمیشہ اچھا اور خوبصورت ہوتا۔

وہ ہمیشہ جذبے کی بھرپور سچائی سے بات کرتا، خواہ یہ نجی گفتگو ہوتی یا پبلک میں کوئی تقریر۔ جب بھی وہ کمرے میں چکر کاٹنے لگتا اُس کی خود سے باتیں یا سرگوشیاں شروع ہو جاتیں اور وہ جذباتیت کے بہاؤ میں آ جاتا۔

کرپسکایا کا کہنا تھا؛

'میں سمجھ جاتی تھی اور اُس کے پاس ہوتے ہوئے بھی خود کو غائب کر لیتی'۔

'سیر کے دوران بھی اگر مجھے اس امر کا احساس ہو جاتا تو میں اُسے کبھی ڈسٹرب نہیں کرتی تھی۔ ہونٹوں کو سی لیتی تھی۔ تھوڑی دیر بعد اگر اُس کا جی چاہتا وہ تفصیلی بات کرتا۔ ایسے وقت میں وہ بحث اور مداخلت کو قطعی پسند نہیں کرتا تھا اور میں ہمیشہ اس کا خیال رکھتی تھی۔ جب بھی وہ باہر کہیں کسی ڈیبیٹ پر جاتا، اپنی واپسی پر اکثر وہ افسردہ، خاموش اور کم ہمت سا ہوتا۔ اور ایسے وقت میں مَیں سوالات کرنے سے گریز کرتی۔ اکثر بعد میں وہ مجھے تفصیلاً سب کچھ بتاتا'۔

"اس کی بیماری کے دوران ڈاکٹر اُسے پڑھنے لکھنے سے منع کرتے، تب وہ مجھ سے کہتا؛ 'یہ تو زیادہ نقصان دہ ہے۔ وہ مجھے سوچنے سے روک نہیں سکتے اور نہ میں خود کو ایسا کرنے سے باز رکھ سکتا ہوں'۔"

اُس کی شخصیت میں اثر پذیری کا عنصر بہت زیادہ تھا۔ ردعمل ہمیشہ بڑا طوفانی ہوتا۔ برسلز میں پلیخانوف کے ساتھ ایک جھگڑے میں جب وہ فوراً پلیخانوف کے طنزیہ ریمارکس پر جوابِ آں غزل لکھنے بیٹھا۔ اُس نے کٹیلے لہجے میں کہا تھا؛

'بلاشبہ میری حیثیت ایک گھوڑے سے زیادہ نہیں۔ میں کوچوان پلیخانوف کے گھوڑوں میں سے ایک ہوں۔ انتہائی صبر والا گھوڑا۔ لیکن جس طرح وہ مجھے زِچ کرنے پر تُلا ہوا ہے ایسے میں صبر والا گھوڑا اُسے پھینکے گا نہیں تو اور کیا کرے گا'۔

کرپسکایا کمرے میں کھڑی اِس سنگین صورت حال کو دیکھتی تھی کہ وہ کس قدر شدید دباؤ میں ہے۔ اس میں کوئی شُبہ نہیں تھا کہ پلیخانوف بہت باصلاحیت تھا اور گہری دانش کا مالک تھا۔ لیکن انقلابی جبلّت سے خالی تھا۔ لینن حقیقت پسند انقلابی تھا اور اُسے گلہ تھا کہ پلیخانوف کا ڈرافٹ انقلابی عمل کی راہنمائی کے لئے قطعی موزوں نہیں۔ میں نے اُس کے کندھے پر دھیرے سے ہاتھ رکھا اور اُسے سیر کے لئے چلنے کی ترغیب دی۔

'آؤ کیتھیڈرل کی طرف چلتے ہیں'۔ اس نے کہا۔

لباس سے لے کر کھانے تک میں ہمیشہ سادگی ہوتی۔ لینن کو دہی بُہت پسند تھا۔ سٹرابیری سے چڑ تھی۔ کریملن میں جب وہ سیاہ و سفید کا مالک تھا، اُس کے رات اور دوپہر کے کھانے میں چائے، بلیک بریڈ، مکھن اور پینر ہوتا۔ اگر کبھی کوئی غیر ملکی مہمان آ جاتا، میٹھے کی ضرورت پڑتی تو وہ اور لینن کی بہن بھاگتی، کہیں کوئی جار ملتا، تھوڑا سا جام یا جیلی اُس کے اندر ہوتی۔ بس تو اسی سے تواضع ہو جاتی۔

قحط سالی کے دنوں میں جب کارکنوں کو کھانا راشن پر ملتا تھا۔ ملک بھر سے لنین کو گوشت، پھلوں، سبزیوں اور بیکری کی اشیا تحائف کی صورت میں آتیں جنہیں وہ ہمیشہ فوراً اسپتالوں اور بچوں کے سکولوں میں بجھوا دیتا۔

ایک بار اُس کی بہن ماریا ایلنچنا Ilyinichna نے کہا؛

'ولوڈایا Volodya تم کچھ اپنے لئے بھی رکھ لیا کرو۔ تم بھُوک سے کمزور ہوتے جا رہے ہو۔ انقلاب کی کامیابی کو تمہاری صحت کی ضرورت ہے'۔

کرپسکایا نے کہا؛ 'مت کہو۔ یہ کچھ نہیں کھا سکتا کہ جانتا ہے کارکن لوگ اور بچے بھوکے ہیں'۔

سلمیٰ اعوان معروف افسانہ نگار اور ناول نویس ہیں۔ انہوں نے متعدد سفرنامے بھی تحریر کیے ہیں۔