کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ ریلی کے مخالف سمت کے روڈ پر مرکزی ٹرک کے قریب موٹر سائیکل میں کوئی ہلکا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب ریسکیو حکام نے کہا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
عینی شاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی میں دستی بم پھینکا گیا، ریلی بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر کی جانب جارہی تھی جبکہ دھماکا حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریر کے دوران ہوا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھماکے کی شدید مذمت کی۔ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو مہمیز نہیں کیا جاسکتا اور بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی۔