سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے فواد عالم کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کی متواتر ناکامیوں کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں چند تبدیلیاں متوقع ہیں۔ بدترین کارکردگی کے بعد شائقین کرکٹ کے مطالبات پر سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ہفتے کو کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے نسیم شاہ کو انڈر 19 ورلڈکپ کے لیے ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جبکہ موسیٰ خان کو بھی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اوپنر امام الحق کی بھی ٹیم سے چھٹی متوقع ہے جبکہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں ناکام رہنے والے افتخار احمد کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے فواد عالم کی قسمت بالآخر کھلنے کا امکان ہے اور دورہ سری لنکا کے لیے انہیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رواں سال قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 864 رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز سمیع اسلم کو بھی عمدہ کارکردگی کا صلہ قومی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ نسیم شاہ کی جگہ اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر راحت علی کی شمولیت متوقع ہے جبکہ موسیٰ خان کو ڈراپ کیے جانے کی صورت میں احسان عادل یا میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔