Get Alerts

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی، لاہور کے شہری خوار

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی، لاہور کے شہری خوار
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ سے قبل مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے عام شہری خوار ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ کے لیے سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد کی گزرگاہ کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ سری لنکا سے آئی ٹیم 'بی‘ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے شاہراوں پر فوجی اور نیم فوجی دستوں سمیت پنجاب پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔

دوسری جانب مہمان ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات عام شہریوں کے لیے عذاب بن گئے ہیں، شہر میں متعدد روٹس بند ہونے کی وجہ سے متبادل روٹس پر ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہیں۔ شہری گھروں کو پہنچنے کے لیے گلی محلوں میں راستے تلاش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہاں پر بھی ٹریفک جام ہے اور محلہ دار بھی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات کے باعث لاہور شہر کے مصروف ترین کاروباری علاقوں میں کاروبار زندگی بھی مفلوج ہے جس سے ملکی معیشت کو بڑا نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ ملازمت پیشہ افراد کو اپنے دفاتر پہنچنے اور دفاتر سے واپس اپنے گھروں تک جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔