'پارلیمنٹ کی مدت 5 سال ہے، نااہلی کی مدت بھی یہی بنتی ہے'

عمران خان ون وے پہ چل رہے ہیں، انہیں اپنے لیے اور پارٹی کے لیے راستہ بنانا چاہیے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے راستہ نہیں بنایا تھا تو پھانسی پہ چڑھ گئے۔ نواز شریف نے راستہ بنایا اور اب چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

'پارلیمنٹ کی مدت 5 سال ہے، نااہلی کی مدت بھی یہی بنتی ہے'

آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق سپریم کورٹ ججز نے ماضی میں متضاد فیصلے دیے۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں سپریم کورٹ ازخود نوٹس کیس پر اپیل کا حق سادہ قانون سازی کی بنیاد پر دے چکی ہے تو نااہلی سے متعلق سادہ قانون سازی کو بھی سپریم کورٹ کو قبول کرنا ہو گا۔ جب پارلیمنٹ کی معیاد 5 سال ہے تو آئین میں نااہلی معیاد کی عدم موجودگی میں نااہلی کی مدت 5 سال ہی بنتی ہے۔ یہ کہنا ہے صحافی عمران وسیم کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں عامر الیاس رانا نے کہا تشریحی اور پنجایتی آئین ثاقب نثار سے شروع ہو کر بندیال تک آیا، اس دوران مرضی کا آئین اور قانون لاگو ہوا اور کمزور فیصلے لکھے گئے۔ اسٹیبلشمنٹ نے ججوں کے ساتھ مل کر نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا، آج اگر وہ اپنی غلطی ٹھیک کر رہے ہیں تو سب کو تکلیف ہو رہی ہے۔

سینیٹ میں جو قرارداد آج پاس ہوئی وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز کی شرارت ہے جس کی ذمہ داری صادق سنجرانی پر آتی ہے۔ عمران خان ون وے پہ چل رہے ہیں، انہیں اپنے لیے اور پارٹی کے لیے راستہ بنانا چاہیے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے راستہ نہیں بنایا تھا تو پھانسی پہ چڑھ گئے۔ نواز شریف نے راستہ بنایا اور اب چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی پر پیش کیا جاتا ہے۔