Get Alerts

بارش میں کرنٹ لگنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

بارش میں کرنٹ لگنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق
لاہور کے علاقے چونگی امر سدھو  میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سےموٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

شہر بھر میں جاری بارش کے دوران چونگی امر سدھو بوستان کالونی میں بجلی کی ہائی وولٹیج  تار ٹوٹ کر سڑک پر گر گئی جس کے نتیجے میں گلی میں سے گزرنے والے دو موٹر سائیکل سواروں کو کرنٹ لگا۔ ایک موٹر سائیکل سوار  معجزانہ طور پر بچ گیا تاہم دوسرا نوجوان کرنٹ لگنے سے تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا۔

کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 22 سالہ نوجوان کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش کئی گھنٹوں تک بارش کے پانی میں پڑی رہی۔ واپڈا، پولیس اور ریسکیو کو کال کی مگر کوئی مدد کے لیے نہیں پہنچا۔

لاہور میں صبح چار بجے سے جاری نان سٹاپ طوفانی بارش نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔  272 ملی لیٹر ریکارڈ توڑ بارش سے شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔ سڑکیں تالاب میں بدل گئیں۔ نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معاملات زندگی متاثر ہوگئی۔

گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، لبرٹی، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، ڈیفنس، والٹن رود اور ایئر پورٹ روڈ سمیت پورے لاہور میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ بارش کے بعد شہر کے پوش و نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل دیکھے جا رہے ہیں جبکہ سڑکوں سے واسا  کا عملہ بھی غائب ہے۔

دوسری جانب لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات سامنے آئیں ہیں۔ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔