پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ… اپوزیشن کا احتجاج، پیپلز پارٹی کے متعدد کارکن گرفتار

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف عام شہریوں نے تو ردعمل ظاہر کیا ہی ہے بلکہ اپوزیشن جماعتیں بھی احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں پیپلز پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔

ملتان، لیہ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لودھراں، ملتان اور دیگر اضلاع میں پیپلز پارٹی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔ لودھراں پولیس نے پیپلز پارٹی کے ڈویژنل اور ضلعی صدر سمیت 32 کارکنوں کے خلا ف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء لطیف کھوسہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف صرف 9 ماہ میں مہنگائی کا طوفان لے آئی ہے۔ حکومت مہنگائی تو ختم نہ کرسکی لیکن غریبوں کو ختم کرنے میں ضرور مصروف عمل ہے۔



انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کی قیمت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ تحریک انصاف نے حسب وعدہ عوام کی چیخیں نکلوانا شروع کر دی ہیں۔

مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے پوری معیشت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کا ایسا سونامی آئے گا کہ غریب لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کر کے عوام کو رمضان المبارک کی سلامی دی ہے۔