Get Alerts

مخصوص نشستوں کا معاملہ: مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی

قومی اسمبلی کے 334 نشستوں پر نمائندے ایوان میں موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن 123 نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی۔

مخصوص نشستوں کا معاملہ: مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص چودہ سیٹیوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔ مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن تبدیل ہوگئی۔
قومی اسمبلی میں خواتین کی مزید گیارہ مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ ن کو پانچ ، پیپلزپارٹی کو چار اور جے یو آئی کو مزید دو نشستیں مل گئیں ۔ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی تین مخصوص نشستیں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام کو الاٹ کردی گئی ہیں ۔
قومی اسمبلی کے 334 نشستوں پر نمائندے ایوان میں موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن 123 نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی۔ن لیگ نے 75 سیٹیں جیتیں، 9 آزاد شامل ہوئے، 34 خواتین، 5 اقلیتوں کی نشستیں ملیں۔
قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 82 ہے۔  پیپلزپارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 73 ہو گئی۔ پیپلزپارٹی نے 54 جنرل نشستیں جیتیں، خواتین کی 16، اقلیتوں کی 3 نشستیں ملیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان کی مجموعی تعداد 22 ہے۔ ایم کیو ایم کو 17 جنرل، چار خواتین، 1 اقلیتوں کی نشست ملی۔ جمعیت علمائے اسلام کے ارکان کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی۔ جے یو آئی نے 6 جنرل، 4 خواتین، 1 اقلیت کی نشست حاصل کی۔
مسلم لیگ ق کے ارکان کی کل تعداد 5 جن میں 4 جنرل سیٹیں، ایک نشست خواتین کی ملی۔ آئی پی پی کے 4 ارکان میں سے تین جنرل، ایک خواتین کی نشست ملی۔ ایم ڈبلیو ایم، مسلم لیگ ضیاء، باپ، بی این پی، نیشنل پارٹی اور پی کے میپ کی ایک ایک نشست ہے۔
قومی اسمبلی میں 8 ارکان کی آزاد حیثیت برقرار ہے۔ قومی اسمبلی کے ایک حلقے پر الیکشن نہیں ہوا۔ ایک کا نوٹیفکیشن روک رکھا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں بھی حتمی پارٹی پوزیشن سامنے آگئی ہے جس کے مطابق مسلم لیگ نواز پنجاب اسمبلی میں 217 نشستیں حاصل کرکے  پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔

مسلم لیگ نواز کو عام انتخابات میں 139 جنرل نشستیں ملیں جبکہ 21 آزاد ارکان اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور خواتین کی 57 اور اقلیتوں کی 7 نشستیں بھی ملیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب اسمبلی میں 16 نشستیں ملی ہیں، عام انتخابات میں 10 ممبران اسمبلی جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے تھے جبکہ ایک آزاد رکن شامل ہوا اور اقلیتوں کی ایک اور خواتین کی 4 نشستیں ملیں۔

مسلم لیگ ق کی کل نشستیں 11 ہو گئیں، ق لیگ عام انتخابات میں 8 جنرل نشستیں جیتی تھی جبکہ خواتین کی 3 نشستیں بھی ملیں۔

استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کو 5 اور سنی اتحاد کونسل کو 105 نشستیں ملی ہیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ضیاء، تحریک لبیک اور مجلس وحدت المسلمین کوایک ایک نشست ملی۔

پنجاب میں 4 نشستوں پر حکم امتناعی ہے جبکہ ایک پر الیکشن نہیں ہوا۔

مسلم لیگ ن کی 7 پنجاب اسمبلی کی نشستیں رہنماوں کے قومی اسمبلی میں جانےسے خالی ہوئیں جبکہ آئی پی پی اور سنی اتحاد کونسل کی بھی ایک ، ایک نشست ارکان کے قومی اسمبلی جانے سے خالی ہوگئی۔