9 مئی کو اندازہ تھا پی ٹی آئی نے فساد کرنا ہے، صمصام بخاری کی آڈیو لیک

صمصام بخاری نے کہا کہ میری بچت ہوگئی کہ میں اس اجلاس سے نکل آیا اور جس روز انہوں نے لبرٹی سے کور کمانڈر ہاؤس جانے کا فیصلہ کیا تو میں نے انہیں کہا کہ میں شہر میں نہیں ہوں۔ زور دیا گیا تھا کہ ہر بندہ کور کمانڈر ہاؤس جائے گا کیونکہ یہ صاحب کا حکم ہے۔ 

9 مئی کو اندازہ تھا پی ٹی آئی نے فساد کرنا ہے، صمصام بخاری کی آڈیو لیک

سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری کی آڈیو لیک ہوگئی۔ 

صمصام بخاری آڈیو میں ایک دوسرے شخص کو بتا رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعہ کی منصوبہ بندی تحریک انصاف کور کمیٹی اجلاس میں ہوئی۔ 

آڈیو میں انہیں سنا جاسکتا ہے کہ اجلاس میں قاسم سوری ، شہریار آفریدی اور مراد سعید وغیرہ شامل تھے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ فوج کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ 

صمصام بخاری نے کہا کہ میری بچت ہوگئی کہ میں اس اجلاس سے نکل آیا اور جس روز انہوں نے لبرٹی سے کور کمانڈر ہاؤس جانے کا فیصلہ کیا تو میں نے انہیں کہا کہ میں شہر میں نہیں ہوں۔ زور دیا گیا تھا کہ ہر بندہ کور کمانڈر ہاؤس جائے گا کیونکہ یہ صاحب کا حکم ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ یاسمین راشد سے میرا اچھا تعلق ہے ان کو کہا میں اوکاڑہ ہوں نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا ہم نے کورکمانڈر کے گھر جانا ہے۔ شفقت محمود سمجھدار آدمی ہے اس نے کہا ادھر نہ جاؤ پارٹی تباہ کرلیں گے۔

صمصام بخاری نے بتایا کہ انہوں (یاسمین راشد) نے کہا صاحب کا حکم ہے۔ شفقت محمود نے گاڑی اسٹارٹ کی اور گھر آگئے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی آڈیو لیک پر ردعمل سامنے آگیا۔

عطا تارڑ نے کہا ہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صمصام بخاری کی آڈیو لیک 9 مئی کے واقعات میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوسروں کے جیلوں سے اے سی اتارنے کی باتیں کرنے والے عمران خان آج خود جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج اٹک جیل کے باہر ایک بندہ موجود نہیں ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے ردعمل میں پورے پاکستان میں ایک بندہ نہیں نکلا۔ انہوں نے نفرت کے جو بیج بوئے وہی کاٹ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق ٹوئٹر پر ایک آڈیو لیک ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی یہ آڈیو عمران خان کے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سنوائی جس میں صمصام بخاری کو ایک نجی محفل میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا گیا۔