پنجاب کے ضلع قصور کے علاقے چونیاں میں ایک شہری نے مبینہ طور پر اہلیہ کی جانب سے کی گئی بدتمیزی کا بدلہ لینے کے لیے اپنی 6 سالہ بچی کو قتل کر دیا۔
ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت کے مطابق پولیس کو اطلاعات موصول ہوئی کہ چونیاں میں کھیتوں سے ایک کم سن بچی کی لاش ملی ہے، جس کے بعد پولیس کھیت میں پہنچی اور معلومات اکٹھی کیں۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا گیا، جس میں سے ایک ٹیم نے بچی کے خاندان کے افراد اور پڑوسیوں کا انٹرویو کیا اور دوسری ٹیم علاقے میں بچوں سے زیادتی کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنے والی اور جیو فینسنگ کی ٹیم تھی۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ٹیم نے فوری معلومات جمع کیں جو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں دستیاب ریکارڈ سے مماثل پائی گئی، جس میں پولیس نے بچی کے والد کے ملوث ہونے کی نشان دہی کی۔
زاہد نواز مروت نے کہا کہ پولیس نے معلومات جمع کرنے کے بعد 6 سالہ بچی کے والد کو گرفتار کیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا والد مبینہ طور پر نشہ کرتا ہے اور اس نے اپنی بیٹی کو اہلیہ سے ہونے والے جھگڑے کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔