سندھ پولیس اور سپیشل کرائم برانچ نے معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خاوند بلال شاہ سے متعلق انکشافات کرکے سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال شاہ ماضی میں سندھ پولیس میں بطور سپاہی نوکری کرتا تھا لیکن جرائم میں ملوث ہونے کی وجہ سے اسے گذشتہ سال برطرف کر دیا گیا تھا۔
پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بلال شاہ کیخلاف ثبوت موجود ہیں کہ وہ مساج سینٹرز سے بھتہ وصول کرنے اور منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
21 ستمبر 2021ء کو ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز ساؤتھ عرفان زمان نے حریم شاہ کے شوہر کیخلاف تفتیش شروع کی اور اسے شوکاز نوٹس بھی بھیجے گئے لیکن اس نے کسی کا بھی جواب دینا گوارا نہیں کیا، اس لئے حکام نے اس کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے اسے نوکری سے برطرف کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کا شوہر بلال شاہ کراچی کے علاقے قیوم آباد کی کچی آبادی میں پلا بڑھا۔ تاہم کچھ مہینوں پہلے ہی اس نے ڈیفنس میں گھر خرید لیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بلال شاہ سندھ پولیس میں ڈیوٹی کے دوران بطور سپاہی بلاول ہاؤس میں تعینات رہا۔ اسی موقع پر اس نے کئی اہم سیاسی شخصیات کے ہمراہ اپنی اپنی تصویریں بنوائیں۔
پولیس حکام حیران ہیں کہ بلال شاہ ایک معمولی کا سپاہی تھا لیکن اس کے اخراجات شاہانہ کیسے ہیں؟ اس کے پاس مہنگی گاڑی، گھر، گھڑیاں اور دیگر چیزیں کیسے آئیں؟
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال شاہ کا بھائی بھی پہلے پولیس میں تھا لیکن منشیات فروشوں سے رابطوں کی وجہ سے اسے بھی برطرف کر دیا گیا تھا۔ اسے منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بلال شاہ نے پولیس رپورٹ میں لگائے گئے ان تمام الزامات پر عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میرا کسی سرکاری محکمے سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں تو بس شوقیہ پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔
بلال شاہ کا کہنا تھا کہ میرے اوپر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ میں کبھی بلاول ہائوس میں تعینات نہیں رہا۔ میرے پاس صرف ویگو نہیں بلکہ اس سے بھی مہنگی گاڑیاں ہیں۔ میرا ڈیفینس میں ایک جم ہے اور یہی میرا ذریعہ روزگار ہے۔
ٹیگز: Bilal Shah, Crime, Hareem Shah, Sindh Police, social media, TikTok, بلال شاہ, ٹک ٹاک, حریم شاہ, سندھ پولیس, سوشل میڈیا, کرائم