کشیدہ سیاسی صورتحال، وفاقی وزرا کا وزیراعظم کو عثمان بزدار کی قربانی دینے کا مشورہ

کشیدہ سیاسی صورتحال، وفاقی وزرا کا وزیراعظم کو عثمان بزدار کی قربانی دینے کا مشورہ
پنجاب کے بعد وفاق میں بھی عثمان بزدار کی تبدیلی کی گونج سنائی دینے لگی۔ کشیدہ سیاسی صورتحال کے باعث وفاقی وزرا نے وزیراعظم کو عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ کی قربانی دینے کا مشورہ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق کے کئی اہم وزرا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں جن میں فواد چوہدری پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ میں تبدیلی کے سب سے بڑے حامی ہیں۔

ذرائع کا کہناہےکہ وفاق میں اہم سینئرز وزرا نے وزیراعظم کو عثمان بزدار کی تبدیلی کا مشورہ بھی دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسدعمر، گورنرچوہدری سرور بھی پنجاب میں تبدیلی کے خواہش مند ہیں، ان کے علاوہ پرویزخٹک بھی گورننس اور پارٹی کا امیج بہتر کرنے کے لیے عثمان بزدار کی تبدیلی کے خواہش مند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران اسماعیل بھی پنجاب میں متحرک پارٹی شخصیت کو وزیراعلیٰ دیکھنےکےخواہش مند ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں آج وفاقی وزرا وزیراعظم کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے جب کہ وزیراعظم تمام سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے ملاقات کی اور انہیں علیم خان سے ہونے والی بات چیت اور تحفظات سے آگاہ کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علیم خان سے ہونے والی بات چیت پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ جہانگیر ترین گروپ کے مرکزی رہنما علیم خان اسلام آباد میں موجود ہیں۔ وہ گزشتہ رات لاہور سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

گورنر سندھ اور فواد چوہدری وزیراعظم سے علیم خان کی ملاقات کرانے کے لیے متحرک ہیں۔ علیم خان کی آمادگی پر وزیراعظم عمران خان سے انکی ملاقات کروائی جائے گی۔

قبل ازیں سندھ ہاؤس میں عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں ترین گروپ کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ عمران اسماعیل نے فواد چوہدری کو علیم خان سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔