اسلام آباد: وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمٰن 27 اکتوبر کو اسلام آباد نہیں آئیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا۔
اسلام آباد میں پولیس سہولت سینٹر میں اوورسیز پاکستانی سہولت کاؤنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ نے کہا کہ کے بلیو ایریا میں دفعہ 144 نافذ ہے، سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے، ان کے اسلام آباد آنے کا وقت ٹھیک نہیں۔
بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں، جنہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست بنائیں گے، حکومت نہ مدرسوں کو چھیڑ رہی نہ اس کا نصاب تبدیل کر رہی بلکہ صرف اس میں انگریزی، تاریخ و دیگر مضمون شامل کیے جارہے ہیں تاکہ طلبہ دیگر ملازمتیں بھی کرسکیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی حکومت عوام لے کر آئی ہے، جب تک پی ٹی آئی پر عوام کا اعتماد رہے گا کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا۔