Get Alerts

پہلے ہاتھ نہ ملایا پھر اجلاس میں نہ بلایا: کیا ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان معاملات گڑبڑ ہیں؟

پہلے ہاتھ نہ ملایا پھر اجلاس میں نہ بلایا: کیا ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان معاملات گڑبڑ ہیں؟

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا تاہم وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو مدعو نہیں کیا گیا۔


اطلاعات کے مطابق اس اہم ترین اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید موجود نہیں تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے پرویز خٹک کو چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ارکان کی حمایت حاصل کرنےکاٹاسک دےدیا ہے۔


 اس اجلاس میں پنجاب میں بڑی انتظامی تبدیلی سے متعلق معاملات زیر غور آئے ہیں جبکہ اجلاس میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزرا  ہی موجود تھے۔

اجلاس میں سے شیخ رشید کے غائب ہونے کو اس لیئے اہم ترین سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے اہم آدمی سمجھے جاتے ہیں جبکہ وہ اس وقت ملک کے وزیر داخلہ ہیں اور پنجاب میں پولیس سے متعلق معاملات پر ایک عرصہ سے وزیر اعظم نا خوش رہے ہیں۔

اس کی اہمیت یوں بھی بڑھی ہے کہ حال میں ہی جب وزیر اعظم نے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا تھا تو وزیر اعظم نے بطور شکریہ جب ساری کابینہ سے ہاتھ ملایا تو شیخ رشید کو دیکھنے کے باوجود ان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔

اس سے قبل شیخ رشید نے اسی روز اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم کو یاد کرایا تھا کہ غریب آدمی اس وقت مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ اور ان کو چاہیئے کہ جو نئی سیاسی زندگی ان کو ملی ہے وہ غریب آدمی کے لیئے نکل کھڑے ہوں۔