Get Alerts

چین میں سوار کے بغیر چلنے والی سائیکل تیار

چین میں سوار کے بغیر چلنے والی سائیکل تیار
چینی ماہرین کا اہم کارنامہ، سوار کے بغیر چلنے والی جدید ترین سائیکل تیار کرلی، دنیا بھر کے ماہرین نے اس ایجاد پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی ماہرین نے ایک ایسی سائیکل بنائی ہے جو کسی سوار کے بغیر خود چل سکتی ہے، اس میں نصب کمپیوٹر نظام کی مدد سے سائیکل کو آواز سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

یہ تحقیق سینٹر فار برین انسپائرڈ کمپیوٹنگ ریسرچ نے کی ہے، جو سنگہوا یونیورسٹی میں واقع ہے۔ اسے بنانے والے تخلیق کار کہتے ہیں کہ صرف ایک مائیکروچپ سے ہم نے کئی الگورتھم کی پروسیسنگ کرتے ہوئے اسے سائیکل کے ماڈل پر آزمایا ہے۔

اس پر مزید پیش رفت سے ہارڈویئر اور سواریوں کو قابو کرنے میں مدد ملے گی۔

اس جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین سائیکل کو دیکھنے والے ماہرین نے یہ قبول کیا ہے کہ چین آرٹیفشل جنرل انٹیلی جنس کے شعبے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔

خودکار سائیکل کی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی ہے جس میں سائیکل کو آواز کے اشاروں پر دائیں، بائیں مڑتے اور سیدھا چلتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس سائیکل کو رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔