ملک کو معاشی گڑھے سے نکالنے کے لئے اتحادی حکومت نے 16 ماہ میں صفر کارکردگی دکھائی۔ نگران وزیر اعظم نواز شریف کی وفادار ایک شخصیت ہو گی۔ اگر نگران وزیر اعظم اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کا بنا تو پھر نواز شریف اور مریم نواز کی سیاست کچھ عرصے کے لئے سرد خانے میں چلی جائے گی۔ یہ کہنا ہے مرتضیٰ سولنگی کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں عامر غوری نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے اندر ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے ہی نہیں۔ نواز شریف کے دباؤ کے باعث ایک آرمی چیف کو دبئی میں جا کر بیٹھنا پڑ گیا تھا اور ایک آج بھی سڑکوں پر نہیں نکل سکتا۔ آرمی کے جو جرنیل پچھلے چار پانچ سالوں میں کروڑوں روپے کما کر ملک سے باہر چلے گئے ہیں ان کے نام ہی قوم کو بتا دیں۔
نادیہ نقی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے نہایت تیز رفتاری سے کام کیا۔ وہ ایک پیج پر بھی رہے اور جتنا اچھا پرفارم انہوں نے کیا کم ہی کسی وزیر اعظم نے کیا ہے۔ اتحادی جماعتوں کے لئے عمران خان ایک کانٹا تھا جسے وہ خود نہیں نکال پا رہے تھے۔ اسے نکالنے کے لئے انہیں اسٹیبلشمنٹ کے کندھے کی ضرورت تھی اور اسی وجہ سے 9 مئی کے بعد انہوں نے سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کر دیا۔
پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔