Get Alerts

وزیر خزانہ کا سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان

وزیر خزانہ کا سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ریٹائرڈ لوگوں کی پنشن بھی بڑھانا ہوگی۔

اسلام آباد میں اقتصادی سروے رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چین سے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر مل رہے ہیں۔ ہم سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ پاکستان کی معیشت کی سمت کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیوالیہ ہونے کے بجائے ہم معاشی استحکام کی طرف آ گئے ہیں۔ملک میں ایسی معاشی ترقی لائیں گے جو مستحکم ہو۔ پیٹرولیم مصنوعات کو سستی کرکے سابق وزیراعظم عمران خان نے ایسا چیک لکھ کر دیا جو بینک سے کیش نہیں ہوگا۔ حکومت وبا کے زمانے میں طویل دورانیے کے معاہدے کر لیتی تو اتنی مہنگائی نہ ہوتی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ غریب عوام کو مراعات دیںگے تو ملک کی مقامی پیداوار میں اضآفہ ہوگا جبکہ امیر لوگوں کو سہولیات دینے سے درآمدات بڑھ جاتی ہیں۔ ہماری حکومت نے 3 ملین ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے ناصرف استعمال میں لایا جائے گا بلکہ ذخیرہ میں بھی رکھیں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایسی اصلاحات لائی جا رہی ہیں جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی پسند ہوں گی۔ ہماری درآمدات موجودہ سال 76 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔