Get Alerts

اپوزیشن کی ضمانتوں کا سلسلہ جاری، ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی رہا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے مفتاح اسماعیل کو ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے ایل این جی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مفتاح اسماعیل کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، گواہوں کو بھی دھمکی دی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ مفتاح اسماعیل کو پابند کرتے ہیں کہ رہائی کے بعد روزانہ تفتیشی کو فون کریں گے۔

بعد ازاں عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مفتاح اسماعیل کو ایک کروڑ روپے کی ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل ایل این جی کیس میں نیب کی زیر حراست ہیں۔