عمران خان کو اب مفاہمت کی طرف جانا ہو گا اور انہیں دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ بیٹھنا ہو گا۔ ماضی میں عمران خان کو کئی مرتبہ دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کی گئی مگر عمران خان ہمیشہ اس آفر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔ الیکشن میں دھاندلی کا معاملہ سپریم کورٹ میں جائے گا اور ہو سکتا ہے جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے ان میں سے کچھ پر دوبارہ پولنگ کروانے کا حکم آ جائے۔ یہ کہنا ہے مبشر بخاری کا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں سلمان عابد نے کہا مشاہد حسین سید نے عمران خان کی رہائی کا جو مطالبہ کیا ہے ان سے پہلے اختر مینگل، محمود اچکزئی، فضل الرحمان اور ن لیگ کے ایاز صادق بھی یہ مطالبہ کر چکے ہیں۔ تمام سیاسی قوتوں کو اپنے ماضی کے مؤقف سے ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا ہو گا۔ پچھلی مرتبہ کا ہائبرڈ سسٹم اس مرتبہ ہائبرڈ پلس سسٹم بن چکا ہے۔ اہم عہدوں پر تقرریوں کے فیصلے کہیں اور سے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا دھاندلی کی بنیاد پر ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں سیاسی استحکام آتا نظر نہیں آتا، یہ محاذ آرائی جاری رہے گی۔ اسد طور ہوں یا عمران ریاض، اگر انہوں نے ریڈ لائن کراس کی ہے تو ثبوت دکھا کر ان کے خلاف کارروائی کریں، جمہوریت وہیں پنپتی ہے جہاں لوگوں کے پاس آزادی اظہار کے مواقع ہوں۔
میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔