Get Alerts

معروف ہدایتکار جواد بشیر ''ستارہ شناس'' بن گئے

معروف ہدایتکار جواد بشیر ''ستارہ شناس'' بن گئے
متعدد ٹی وی کمرشلز، گانوں اور فلموں کی ہدایتکاری کرنیوالے جواد بشیر اب ستارہ شناسی کے میدان میں بھی کود پڑے ہیں، انہوں نے لوگوں کو مستقبل کا حال بتانے کیلئے ایک یوٹیوب چینل شروع کیا ہے۔

جواد بشیر کے کیرئیر پر بات کی جائے تو انہوں نے لاہور کی مشہور درسگاہ نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) سے تعلیم حاصل کی اور اسی ادارے کے دوستوں کیساتھ مل کر نجی ٹیلی وژن چینل این ٹی ایم کیلئے ویڈیو جنکشن کے نام سے پروگرام شروع کیا جس نے اپنے وقت میں بہت کامیابی حاصل کی۔



پروگرام کی کامیابی کے بعد جواد بشیر کو بھی شہرت ملی اور ان کا شمار ملک کے ممتاز سٹکام ڈائریکٹرز میں ہونے لگا۔



بعد ازاں جواد بشیر نے اپنے دوستوں کیساتھ مل کر '' ڈاکٹر اور بلا'' کے نام سے ایک میوزک گروپ بھی شروع کیا۔ اس گروپ نے بے شمار گانے بنائے تاہم ان میں سے '' مجھے تم سے ہو گیا ہے پیار اب کیا کروں'' بے تحاشا مقبول ہوا۔



جواد بشیر کے کام پر بات کی جائے تو ان کی ہدایت میں بننے والے گانے ہوں یا ٹیلی وژن کی کمرشلز تمام میں مزاح کا عنصر نمایاں ہوتا تھا۔



این سی اے سے فارغ التحصیل جواد بشیر کافی عرصہ سے ٹیلی وژن سکرین سے اوجھل تھے، ان کے بارے میں کسی کو خبر نہیں تھی کہ وہ کہاں ہیں لیکن حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چلنے والی بات چیت میں یہ عقدہ کھلا کہ موصوف اب ستارہ شناس بن چکے ہیں۔



ماضی کا یہ کامیاب گلوکار اور ڈائریکٹر اب کارڈز الٹ پلٹ کر لوگوں کے مستقبل کی پیشگوئی کرتا ہے۔ جواد بشیر کے یوٹیوب چینل کا نام ''psychic love tarot'' ہے۔ اس چینل پر اب تک ان کے تقریباً دو لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہو چکے ہیں۔