9 قومی نشستوں پر کامیاب آزاد امیدواروں کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں

پورے ملک سے اب تک 100 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیش تر آزاد امیدوار وہ ہیں جو پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھتے ہیں مگر 9 ایسے آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں جن کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ تعلق نہیں ہے۔

9 قومی نشستوں پر کامیاب آزاد امیدواروں کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں

عام انتخابات 2024 کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک قومی اسمبلی کی 255 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق پورے ملک سے اب تک 100 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیش تر آزاد امیدوار وہ ہیں جو پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھتے ہیں مگر چونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن قواعد و ضوابط کے مطابق نہ کروانے پر پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی نشان بلا واپس لے لیا تھا اس لیے تحریک انصاف کے تمام حمایت یافتہ امیدوار آزاد حیثیت سے انتخاب لڑے ہیں۔ تاہم کامیاب ہونے والے تمام آزاد امیدواروں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے نہیں ہے بلکہ 9 ایسے آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں جن کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ تعلق نہیں ہے۔

ایسے آزاد امیدوار جن کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے وہ یہ ہیں؛

این اے 12 اپر کوہستان کم لوئر کوہستان کم کولائی پلاس کوہستان  سے بطور آزاد امیدوار محمد ادریس، این اے 27 خیبر سے محمد اقبال خان آفریدی، این اے 48 اسلام آباد سے راجہ خرم شہزاد نواز، این اے 54 راولپنڈی 3 سے عقیل ملک، این اے 88 منڈی بہاؤالدین 1 سے محمد معظم  شیر، این اے 92 بھکر 2 سے رشید اکبر خان، این اے 144 خانیوال 1 سے محمد رضا حیات ہراج، این اے 146 خانیوال 3 سے ظہور حسین قریشی اور این اے 189 راجن پور 3 سے شمشیر علی مزاری ان کامیاب آزاد امیدواروں میں شامل ہیں جن کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ حکومت سازی کے عمل میں یہ آزاد امیدوار اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وجیہہ اسلم صحافت سے وابستہ ہیں۔