Get Alerts

ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے سینئر رہنماء محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کے لیے  الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی آف پاکستان نامی سیاسی جماعت کے سابق سربراہ فتح یاب خالد نے ایڈووکیٹ حافظ محمود سفیان کے توسط سے ای سی پی میں درخواست دائر کی ہے جس میں محسن داوڑ اور علی وزیر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ دونوں ارکان قومی اسمبلی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن کے باعث انہیں نااہل قرار دیا جائے۔



درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے اور ان دونوں کو اسمبلی اجلاسوں میں شریک ہونے سے روکا جائے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 مئی 2019 کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا تھا کہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے گروہ کی قیادت محسن داوڑ اور علی وزیر کر رہے تھے جس میں پانچ سکیورٹی اہل کار زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا تھا، چیک پوسٹ پر حملے کا مقصد دراصل گرفتار دہشت گردوں کے مبینہ سہولت کاروں کو چھڑوانے کے لیے دبائو ڈالنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس کے باعث اہل کاروں نے اپنے تحفظ کے لیے جوابی کارروائی کی۔

پاک فوج کے مطابق، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔