Get Alerts

بھارتی طالبہ کی پاکستانی دوست کے لیے لکھی گئی پوسٹ وائرل

بھارتی طالبہ کی پاکستانی دوست کے لیے لکھی گئی پوسٹ وائرل
سوشل میڈیا پر ایک انڈین طالبہ کی پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں اس نے اپنی پاکستانی ہم جماعت کے بارے میں لکھا ہے۔ یہ دونوں سہیلیاں امریکہ کے ہارورڈ بزنس سکول میں پڑھتی ہیں۔ پوسٹ میں دونوں اپنے اپنے ملکوں کا جھنڈا تھامے نظر آ رہی ہیں۔

پوسٹ میں بھارتی طالبہ سنیہا بسواس لکھتی ہیں کہ ایک پاکستانی طالبہ کے ساتھ اس کی دوستی نے پڑوسی ملک کے بارے میں اس کے دقیانوسی تصورات کو توڑ دیا ہے جس پر وہ آج تک بھروسہ کرتی تھیں۔

سنیہا بسواس نے لنکڈ ان پروفائل پر اپنی پاکستانی ہم جماعت کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں چیزیں شیئر کی ہیں۔ تاہم اس نے اپنے دوست کا نام نہیں لکھا ہے۔

سنیہا نے لکھا، "میں ایک چھوٹے سے شہر میں پیدا ہوئی اور پرورش پائی۔ پاکستان کے بارے میں میری معلومات بہت مختصر تھی اور وہاں کے لوگوں کے بارے میں بہت کم جانتی تھی۔ جو کچھ بھی تھوڑا سا جانتی تھی وہ صرف کتابوں اور میڈیا کے ذریعے ہی معلوم ہوتا تھا۔ جسے اکثر نفرت اور دشمنی کی داستان کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔"

سنیہا مزید لکھتی ہیں کہ ان کی دوست اسلام آباد کی رہائشی ہے۔ "یہ ہارورڈ میں میرا پہلا دن تھا، اور اس دن سے میں اس کے بہت قریب ہو گئی۔ ہم چائے اور بریانی پر گھنٹوں بیٹھ کر باتیں کرتے۔ اس کے گھر کا پس منظر میرے گھر جیسا ہی تھا۔ وہ بھی ایک روایتی پاکستانی خاندان سے تعلق رکھتی ہے لیکن روایتی ہونے کے باوجود، اس کا خاندان اس کے خوابوں کے ساتھ کھڑا ہے۔"

May be an image of 1 person

وہ لکھتی ہیں، "میں اس لڑکی سے ملی۔ ہمیں ایک دوسرے کو پسند کرنے میں پانچ سیکنڈ سے بھی کم وقت لگا اور سمسٹر کے اختتام تک وہ اس کیمپس میں میری سب سے قریبی دوستوں میں سے ایک بن گئی۔ ہم آہستہ آہستہ ایک دوسرے کو جاننے لگے۔ اس کے خوابوں اور جرات مندانہ انتخاب نے مجھے متاثر کیا۔"

انڈین طالبعلم نے لکھا کہ بنیادی طور پر ہر جگہ کے لوگ تقریباً ایک جیسے ہوتے ہیں۔ حدود اور جگہیں انسانوں نے بنائی ہیں۔ اور بہت سی چیزیں جو دماغ باندھتا ہے، دل اکثر ان کو سمجھنے میں ناکام رہتا ہے۔

سنیہا نے اپنی لنکڈ ان پروفائل پر جو تصویر شیئر کی ہے وہ ہارورڈ کے مشہور فلیگ ڈے کی ہے۔ جس میں دو پڑوسی ممالک کے دو دوست اپنے اپنے ممالک کے جھنڈے لہراتے ہوئے پوز دے رہے ہیں۔ سنیہا کی اس تصویر کو اب تک 400 سے زیادہ لوگ شیئر کر چکے ہیں اور اس پر 1800 سے زیادہ کمنٹس آ چکے ہیں۔