Get Alerts

بھارت، عام انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری

بھارت میں ان دنوں سات مراحل میں جاری لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں عام انتخاب کے چھٹے مرحلے کے لیے دارالحکومت دہلی کے علاوہ چھ ریاستوں کی 59 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق، بھارت میں عام انتخابات کے چھٹے مرحلے میں جاری ووٹنگ کے دوران 10 کروڑ 17 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے چھٹے مرحلے کے اختتام پذیر ہونے کے بعد لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 483 پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا جس کے بعد دیگر 60 نشستوں پر پولنگ 19 مئی کو آخری مرحلے میں ہوگی۔

انتخابات کے چھٹے مرحلے میں دارالحکومت دہلی کے علاوہ جن چھ ریاستوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں بہار، ہریانہ، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اترپردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔



لوک سبھا کے چھٹے مرحلے میں دہلی کی سات، اترپردیش کی 14، ہریانہ کی 10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی آٹھ اور جھارکھنڈ کی چار نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔

سیاسی پنڈٹوں کا کہنا ہے، بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقوں پھول پور اور گورکھ پور کی نشستوں پر مقابلہ کانٹے دار ہونے کی امید ہے کیوں کہ ان حلقوں میں اگرچہ گزشتہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم گزشتہ برس ہونے والے ضمنی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

دوسری جانب دارالحکومت دہلی میں بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت، یونین منسٹر ہرش وردن، سابق اولمپیئن باکسر وجیندر سنگھ اور سابق کرکٹر گوتم گھمبیر میدان میں اترے ہیں۔

مغربی بنگال میں بھی انتخابی دنگل آسان نہیں ہونے جا رہا جہاں ترینامول کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی، کانگریس اور لیفٹ فرنٹ کے درمیان سخت مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔



واضح رہے کہ پولنگ کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو منعقد ہوا تھا جس میں 20 ریاستوں کے علاوہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں 91  نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

دوسری جانب مغربی بنگال میں ترینامول کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی، کانگریس اور لیفٹ فرنٹ جماعت کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں جاری حالیہ انتخابات کے دوران ووٹوں کی گنتی کا عمل 23 مئی کو شروع ہو گا اور حتمی نتائج کا اعلان بھی اسی روز کر دیا جائے گا۔