حکومت کی حامی جھوٹ کی فیکٹریاں نیا دور کے خلاف امریکی تنظیم کا جعلی خط پھیلانے میں سرگرم

حکومت کی حامی جھوٹ کی فیکٹریاں نیا دور کے خلاف امریکی تنظیم کا جعلی خط پھیلانے میں سرگرم
امریکی این جی او نیشنل اینڈاؤمنٹ فار ڈیموکریسی کے نائب صدر سے منسوب ایک جعلی خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا ادارہ این ای ڈی پاکستان کے کچھ میڈیا اداروں کی مالی مدد کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ جعلی خط پھیلاتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ این ای ڈی کے نائب صدر نے یہ اقرار پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کو لکھے گئے خط میں کیا ہے۔

اس جعلی خط پر 26 اکتوبر 2021 اور ڈاک ٹکٹ پر 29 اکتوبر 2021 وصولی کی تاریخ درج ہے۔ متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس، یوٹیوبرز اور واٹس ایپ گروپس نے اس خط کو امریکی حکومت کی جانب سے مستند قرار دیتے ہوئے شیئر کرنا شروع کر دیا۔

یکم دسمبر کو جاری ایک ٹوئیٹ میں اس خط کی جعلی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ این ای ڈی پاکستان کی موجودہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے بعض میڈیا ہاؤسز اور حزب اختلاف کے سیاستدانوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔

تاہم، امریکی تنظیم این ای ڈی نے اس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ ادارے نے ایسا کوئی خط جاری نہیں کیا۔

این ای ڈی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس جعلی خط کی سختی سے تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پاکستانی میڈیا پر ادارے کے نائب صدر سے منسوب ایک جعلی خط گردش کر رہا ہے، جو انہوں نے مبینہ طور پر پاکستان میں امریکی سفارتخانے کو لکھا تھا۔ یہ خط واضح طور پر جعلی اور غلط معلومات پر مبنی ہے۔ ہماری جانب سے ایسی کوئی دستاویز ارسال نہیں کی گئی۔

گذشتہ ماہ 29 نومبر 2021 کو ایک پاکستانی وی لاگر اور یوٹیوبر نے اپنے ایک وی لاگ میں اسی خط کا حوالہ دیا۔ تاہم، اس ویڈیو کو واضح طور پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کی وجہ سے ہٹا دیا گیا۔

https://twitter.com/NEDemocracy/status/1466153311413878785?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1466153311413878785%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.thefridaytimes.com%2Fbusted-pro-govt-propaganda-cells-circulating-fake-letter-from- us-ngo%2F

اس ویڈیو اور خط میں جیو ٹی وی اور ایکسپریس میڈیا گروپ جیسے بڑے نیٹ ورکس کے ساتھ نیا دور میڈیا (این ڈی ایم) کا بھی ذکر ہے جب کہ ایک نئی ویب سائٹ FactFocus کا نام بھی دیا گیا ہے۔

بعد ازاں دوسرے اکاؤنٹس نے بھی امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور این ای ڈی کے درمیان تعلق جوڑنے کی کوشش کی تاکہ پاکستانی خبر رساں اداروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو غیر ملکی سپانسر کے طور پر بدنام کیا جا سکے۔

بظاہر یہ پروپیگنڈا کافی حد تک پھیل چکا ہے کیونکہ پاکستانی فوج کے ریٹائرڈ جنرل، جنرل امجد شعیب نے ایک لائیو ٹی وی شو میں نیا دور میڈیا کو امریکی حمایت کے بارے میں اسی 'ثبوت' کا حوالہ دیا۔ تاہم، انہوں نے اس موقع پر سی آئی اے کا ذکر نہیں کیا۔

انتہائی نامساعد حالات میں کام کر رہے نیا دور میڈیا نے اس پراپگینڈے کو پاکستان میں آزاد میڈیا کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اس وقت رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے پریس فریڈم انڈیکس میں 145ویں نمبر پر ہے۔ 2021 میں، ملک کے سینیئر صحافی اور میڈیا ریگولیٹر کے سابق سربراہ ابصار عالم کو دن دہاڑے ایک پارک میں گولی مار دی گئی تھی، جو محض فوری طبی امداد ملنے کے باعث ہی زندہ رہ پائے ہیں۔

بعد ازاں ایک اور بلاگر اسد طور کو نامعلوم افراد نے ان کے اپارٹمنٹ میں گھس کر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ گذشتہ سال مطیع اللہ جان کو اسلام آباد سے اغوا کیا گیا۔ ان میں سے کسی بھی کیس کی مؤثر تحقیقات نہیں کی گئیں۔

نیا دور کے بانی مدیر رضا رومی کا کہنا ہے کہ غلط معلومات کی موجودہ لہر اور بھی تشویشناک ہے۔ اس طرح کی غلط معلومات سرکاری ایجنسیوں یا ہجوم کی طرف سے تشدد یا قانونی کارروائی کی وجہ بن سکتی ہیں۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے عروج کے ساتھ تمام حکومتیں اور سیاسی جماعتیں میڈیا سیلز میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ رضا رومی کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسی کمپین کا خاتمہ اور ایسے خفیہ پراپیگنڈا سیلز کی بابت مزید شفافیت اختیار کرنی چاہیے۔