پاکستان کرکٹ بورڈ نے 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک شاندار خبر ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا کے کسی اور ملک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے۔
پی سی بی کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔