شہر کی مرکزی شاہراؤں پر چوہدری پرویز الہیٰ ضروری ہے کے پوسٹر لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد ملکی سیاست میں روز نئی پیش رفت سامنے آرہی ہے، حکومتی اتحادی جماعتیں اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کررہی ہیں، حکومت کے ناراض رہنماؤں پر مشتمل جہانگیرترین گروپ اور علیم خان گروپ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی تحریک انصاف کے ناراض دھڑوں کو اپنی حمایت میں لانے کے لئے کوشاں ہیں، دوسری جانب پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے سب سے مضبوط امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ کے وزیراعلیٰ بننے کے حوالے سے پینا فلیکس بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس وقت چوہدری پرویز الہیٰ کے نام کے پینا فلیکس گردش کررہے ہیں، جن پر واضح طور پر تحریر ہے کہ پنجاب کی مجبوری ہے، ’چوہدری پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ ضروری ہے‘۔ سب سے پہلے یہ پینا فلیکس مسلم لیگ ق کے مرکزی دفتر کے باہر لگے دیکھے گئے، جس کے بعد لاہور کی اہم شاہراؤں پر بھی یہی بینرز اور پینا فلیکس نظر آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الہی کی جانب سے ایک انٹرویو میں وزیراعلی پر بات کی گئی تھی، جس کے بعد ق لیگ کے کارکنان اور ووٹرز نے اہم شاہراؤں پر پرویز الٰہی کے حق میں پینا فلیکس آویزاں کر دئیے ہیں۔