Get Alerts

موٹاپے کے باعث فلموں سے دور ہونیوالے فردین خان پھر سے فٹ ہوگئے، بالی ووڈ میں دبنگ واپسی

موٹاپے کے باعث فلموں سے دور ہونیوالے فردین خان پھر سے فٹ ہوگئے، بالی ووڈ میں دبنگ واپسی
موٹاپے کے باعث فلموں سے سالوں تک دور رہنے والے بالی ووڈ اداکار فردین خان کی نئی تصاویر دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔

اداکار فردین خان کو جمعرات کے روز ممبئی میں ٹی سیریز کے آفس کے باہر دیکھا گیا جہاں وہ اپنی ماضی کی وائرل ہونے والی تصاویر میں موجود فردین خان سے بالکل مختلف نظر آئے۔

فردین خان 11 سال قبل 2010 میں آخری بار ہدایت کار مدثر عزیز کی فلم ’’دولہا مل گیا‘‘ میں نظر آئے تھے جس کے بعد سے وہ اسکرین سے غائب ہوگئےاور پھر ان کی کچھ تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں جن میں ان کا وزن بے حد زیادہ نظر آرہا تھا۔ یہاں تک کہ موٹاپے کے باعث انہیں پہچاننا بھی بے حد مشکل ہورہا تھا۔



تاہم اب حال ہی میں فردین خان کی وائرل ہونے والی تصاویر میں وہ سفید شرٹ اور بلیو جینز میں بالکل فٹ اور پرکشش نظر آئے۔ دراصل فردین خان 11 سال بعد ایک بار پھر فلموں میں واپسی کررہے ہیں۔

فردین خان ہدایت کار سنجے گپتا کی فلم ’’وسفوٹ‘‘ میں نظر آئیں گے جس کے پروڈیوسر بھوشن کمار ہیں۔ اسی فلم کے لیے فردین خان نے خود کو ٹرانسفورم (تبدیل) کیا ہے۔



ممبئی میں ٹی سیریز کے آفس کے باہر فردین خان خاصے خوش نظر آئے اور انہوں نے صحافیوں کو مسکراتے ہوئے کئی پوز دئیے۔

فردین خان کی نئی تصاویر جیسے ہی وائرل ہوئیں سوشل میڈیا صارفین نے ان کا موازنہ ان کی پرانی تصاویر کے ساتھ کرنا شروع کردیا جن میں وہ موٹاپے کا شکار نظر آرہے تھے۔


فردین خان نے اپنے وزن میں کمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے خود پر توجہ دینی شروع کی اور 18 کلو وزن کم کیا۔



واضح رہے کہ فردین خان کی آنے والی فلم ’’وسفوٹ‘‘ 2012 میں ریلیز ہوئی وینزویلا کی فلم ’’روک، پیپر، سیزر‘‘ کا آفیشل ری میک ہے۔ فلم میں فردین خان کے علاوہ اداکار رتیش دیش مکھ بھی نظر آئیں گے۔