پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 9 کے آغاز سے قبل ہی لاہور قلندرکو بڑا دھچکا لگ گیا۔ افغانستان کے راشد خان پی ایس ایل 2024 سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق راشد خان کمر کی تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ غیرمعینہ مدت کے لیے کرکٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے آخری میچ آئی سی سی ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے بھی دستبردار ہو گئے تھے جہاں انہیں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی نمائندگی کرنی تھی۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کےکوچ جوناتھن ٹروٹ نے اپنے بیان میں کہا راشد خان کی واپسی کے لیے کوئی وقت نہیں دیا جا سکتا۔ ان کی کمر کی تکلیف کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا وہ ایک مؤثر ترین کھلاڑی ہیں۔ہمیں اس بات کا یقین کرنا ہےکہ وہ سو فیصد فٹ ہوں۔ راشد خان کی سرجری ہوئی ہے۔واپسی میں جلدی کی ضرورت نہیں۔ وہ ٹیم کے ساتھ ہیں اور بڑی محنت کر رہے ہیں۔ راشد خان کے ابھی مزید چیک اپ ہونے ہیں۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
واضح رہے کہ دسمبر 2023 کو پی سی بی نے تمام چھ فرنچائزز کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کیا تھا جن میں لاہور قلندرز کے یہ کھلاڑی شامل تھے: شاہین شاہ آفریدی (پلاٹینم کیٹیگری)، حارث رؤف (ڈائمنڈ کیٹیگری) اور ڈیوڈ ویز (ڈائمنڈ کیٹیگری)، سکندر رضا (گولڈ کیٹیگری)، عبداللہ شفیق (گولڈ کیٹیگری) اور زمان خان (گولڈ کیٹیگری)، مرزا طاہر بیگ (سلورکیٹیگری) اور راشد خان (سلور کیٹیگری)۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 17 فروری سے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔
34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی سب سے زیادہ 11میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔
کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین، تین میچ کھیلے گی جبکہ ایک میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔