عمران خان نے دورہ کوئٹہ منسوخ کر دیا

عمران خان نے دورہ کوئٹہ منسوخ کر دیا
اسلام آباد: پلان میں تبدیلی کے باعث وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نہیں جاسکیں گے۔

وزیر اعظم نے اٹھارہ اپریل کو کوئٹہ پہنچنا تھا جہاں پر انہوں نے ہزارہ گنجی مارکیٹ دھماکے میں اپنی جانوں سےہاتھ دھونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرنی تھی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم آئندہ ایک دو روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ یہ بات بھی یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اتوار کو ایران جائیں گے بعدازں  وہ چین روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 48سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

دھماکے کے بعد ہزارہ کمیونٹی نے چار روزہ دھرنا دیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرامد کیا جائے۔ بعدازں دھرنے کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی یقین دہانی پر ختم کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کمیونٹی کو انصاف دیا جائے گا۔

دھماکے کےلواحقین سے تعزیت کیلئے پہنچنے والوں میں صدر مملکت عارف علوی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری شامل تھے۔

یاد رہے کہ ہزارہ کمیونٹی دو ہزار بارہ سے دہشتگردوں کے نشانے پر ہے ابتک سینکڑوں لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔