Get Alerts

سعود شکیل نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوران منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا

سعود شکیل طویل طرز کی 146 سالہ تاریخ میں لگاتار 15 اننگز میں 20 یا اس سے زائد رنز سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

سعود شکیل نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوران منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز سعود شکیل نے دنیائے کرکٹ کے ٹیسٹ فارمیٹ میں نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بینود قادر ٹرافی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 3 روزہ ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 360 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کے 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز 449 رنز پر ڈیکلیئر کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو جیت لیے 450 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کو آسٹریلیا میں لگاتار 15ویں ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تاہم پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ سعود طویل طرز کی 146 سالہ تاریخ میں لگاتار 15 اننگز میں 20 یا اس سے زائد رنز سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

قومی کرکٹر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز سے اب تک کھیلی گئی ٹیسٹ اننگز میں 20 یا اس سے زائد رنز ہی بنائے ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے سر ایورٹن ویکیس کے پاس تھا جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 14 اننگز میں لگاتار 20 یا اس سے زائد رنز سکور کیے تھے۔