Get Alerts

اسلام آباد ہائیکورٹ کا جیو نیوز کو کیبل پر اس کے اصل نمبر پر بحال کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا جیو نیوز کو کیبل پر اس کے اصل نمبر پر بحال کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس اطہر من اللہ نے حکم نامہ جاری کیا جس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو آئندہ تاریخ سماعت سے پہلے نشریات میں مداخلت کی شکایت دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مجاز افسر عدالت کو مطمئن کرے گا کہ اتھارٹی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کیلئے ایک مجاز افسر نامزد کریں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور آفس میں پیشی کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔

جیو نیوز کا مؤقف ہے کہ 13 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس کے فوری بعد ملک کے مختلف شہروں میں کیبل آپریٹرز کو یہ ہدایات جاری کی گئیں کہ جیو نیوز کی نشریات کو یا تو بند کردیں یا پھر پچھلے نمبروں پر ڈال دیا جائے۔

ان احکامات کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں جیو نیوز کی بندش کی گئی اور کئی شہروں میں جیو نیوز کو پچھلے نمبروں پر ڈال دیا گیا۔