بریکنگ نیوز: ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا

بریکنگ نیوز: ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا
ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر 2020 میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نومبرمیں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد استعفی دے دوں گا اور یہ فیصلہ عوامی انصاف پارٹی کے چیئرمین انور ابراہیم سے مشورہ کرنے کے بعد کیا ہے۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ عہدہ ترک کرنے کا میرا یہ فیصلہ پرانا ہے جس کا ماضی میں تذکرہ کر چکا ہوں، مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں اپنے تیئں جو بھی فیصلہ کریں مگر میں اپیک اجلاس کے بعد ہی مستعفی ہوں گا۔

ملائیشیا کی پاکاتان ہراپان جماعت 2018 کو برسراقتدار آئی تھی اور اس وقت اتحادیوں میں طے پایا تھا کہ مہاتیر محمد وزیراعظم کا عہدہ 72 سالہ انوار ابراہیم کو سونپیں گے تاہم تاریخ اور مدت کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔

مہاتیر محمد 9 مئی 2018 میں اقتدار پر فائز ہوئے تھے اور انہوں نے کہا تھا وہ 2 سال بعد اپنا عہدہ ترک کر دیں گے۔ پاکاتان ہراپان کی صدارتی کونسل کا اجلاس جمعہ 21 فروری 2020 کو ہوگا جس میں مہاتیر محمد کے عہدے کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں مہاتیر نے کہا کہ حکمران اتحاد کی صدارتی کونسل جو بھی فیصلہ کرے وہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد ہی مستعفی ہوں گے۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے گذشتہ عام انتخابات میں مہاتیر محمد اور ان کے اتحادیوں نے برسراقتدار پارٹی کو 60 سال بعد شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ ملائشین الیکشن کمیشن کے مطابق جیت کے لیے 112 نشستیں درکار تھیں جب کہ مہاتیر محمد اور اتحادی جماعتیں 115 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

مہاتیرمحمد ماضی میں باریسن نیشنل جماعت کی جانب سے تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تاہم گذشتہ انتخابات میں انہوں نے اپنی سابقہ جماعت کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔ ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم 94 سالہ مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین حکمران ہیں۔