ایک بھی رکن اسمبلی جیل میں ہوا تو بجٹ غیرقانونی ہوگا: بلاول

ایک بھی رکن اسمبلی جیل میں ہوا تو بجٹ غیرقانونی ہوگا: بلاول
بلاول بھٹوزرداری کا قومی اسمبلی میں خطاب میں کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو گرفتار کرکے لاہور، نواب شاہ اور جنوبی وشمالی وزیرستان کے عوام کو بجٹ سیشن میں نمائندگی سے کیسے محروم رکھا جاسکتا ہے؟

بلاول کا کہنا تھا کہ  اگر ایک بھی رکن اسمبلی موجود نہیں ہو گا تو ایوان مکمل نہیں ہو گا تو یہ بجٹ غیر قانونی ہو گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انھوں نے بطور چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی جب سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے لیے خط لکھا تو ’ہم نے خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے بھی الگ الگ خط لکھے تھے۔‘

اس بارے میں پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے  بات کرتے ہوئے کہا کہ قوانین میں یہ پابندی نہیں ہے کہ کیس کی نوعیت کیا ہے۔ کوئی بھی کیس ہو پروڈکشن آرڈر سے حاضری یقنی بنائی جا سکتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ سپیکو قومی اسمبلی اسد قیصر آن ریکارڈ یہ کہہ چکے ہیں کہ ’ محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا ان کے بس میں نہیں ہے۔‘


یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جیل میں قید چار اراکین اسمبلی میں سے پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر گذشتہ شب جاری کر دیے تھے جبکہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت گرفتار ہونے والے اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر تاحال جاری نہیں ہو سکے ہیں۔








علی وزیر اور محسن داوڑ کو مئی کے آخری ہفتے میں فوج کی چیک پوسٹ پر حملے اور عوام کو ملک کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔