ایران اور پاکستان میں طاغوت مسلط ہے، یہاں کفریہ نظام رائج ہے: مولانا عبدالعزیز

ایران اور پاکستان میں طاغوت مسلط ہے، یہاں کفریہ نظام رائج ہے: مولانا عبدالعزیز
جامعہ حفصہ کے مہتمم مولانا عبد العزیز نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ قرآن خود کہتا ہے کہ دہشت گرد بنو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاغوت مسلط ہے۔ یہ آئین کفریہ آئین ہیں اس میں کچھ بھی اسلامی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں بھی طاغوت مسلط ہے۔ شریعت میں شیعوں کا جلوس ہو یا پھر کسی کا بھی منع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طالبان کے جھنڈے لگائے جن کو یہ پسند نہیں کرتے تو طالبان کی حکومت کو خاک پسند کریں گے۔

جامعہ حفصہ پر  طالبانی جھنڈوں کا معاملہ
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی لال مسجد سے منسلک جامعہ حفصہ کی عمارت پر  گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز  امارات اسلامی افغانستان کے جھنڈے لگائے گئے تھے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت سے جھنڈے ہٹا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق خطیب لال مسجد و مہتمم جامعہ حفصہ مولانا عبدالعزیز نے آج لال مسجد میں نفاذِ شریعت و فتح مبین کانفرنس کا انعقاد بھی کیا ہے جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور طالب علم شرکت کرینگے۔
نیا دور کی تحقیقات کے مطابق آج ملک بھر کے مساجد اور مدارس میں تحریک طالبان افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم فتح منایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اسلام آباد میں امارات اسلامی افغانستان کے جھنڈے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
لال مسجد کے ترجمان ہارون غازی نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک چھوٹا سا مسئلہ تھا جس کو حافظ احتشام جیسے خود ساختہ ترجمان نے ذاتی تشہیر اور لال مسجد اور جامعہ حفصہ کو بدنام کرنے کے طور پر استعمال کیا گیا۔
لال مسجد ترجمان نے  اس بات کی تصدیق کی کہ امارات اسلامی افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر مولانا عبدالعزیز صاحب نے آج کے روز ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا ہے اور اس اظہار یکجہتی میں کچھ لوگوں نے امارات اسلامی کے جھنڈے بھی لگائے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر جھنڈے ہٹا دئیے گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رات کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انتظامیہ کے دیگر افسران کے ساتھ جامعہ کا دورہ کیا اور جھنڈے ہٹانے کا کہا جس کے بعد جھنڈے ہٹا دئیے گئے۔
دوسری جانب جمعہ کے روز ملک بھر میں امارات اسلامی افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم فتح منایاجائے گا۔ وفاق المدارس پاکستان نے ایک اعلامیہ میں امارات اسلامی افغانستان کو کابل پر قبضہ کرنے کے بعد مبارک باد دی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ تحریک طالبان افغانستان کی فتح نے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی۔ یہ بھی کہا گیا کہ ملک بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں.
وفاق المدارس پاکستان کے ساتھ اسلام آباد میں منسلک ایک مدرسے کے مہتمم نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ وفاق المدارس پاکستان کی جانب پورے ملک کے مدارس اور مساجد کو کال دی گئی تھی کہ وہ پورے ملک میں نماز جمعہ کے دن یوم فتح منائے اور اپنے خطبوں میں امارات اسلامی کی فتح پر درس دیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج پورے ملک کے مدارس میں امارات اسلامی کی فتح پر دعائیں اور شکرانے کے نوافل ادا کئے جانے تھے۔
نیا دور میڈیا نے اس حوالے سے وفاق المدارس پاکستان کے ترجمان سے موقف لینے کی کوشش کی مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا.