وزیراعظم عمران خان کی فواد چوہدری کو آئندہ سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت، ذرائع

وزیراعظم عمران خان کی فواد چوہدری کو آئندہ سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت، ذرائع
ایکسپریس نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا اسد عمر اور جہانگیر ترین سے متعلق بیان پر بحث ہوئی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھا، ایک وفاقی وزیر کو گفتگو کرتے ہوئے خیال کرنا چاہیے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو آئندہ سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی، اور جب فواد چوہدری اپنے بیان کی وضاحت دینے لگے تو وزیراعظم نے موضوع بدل لیا۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی سہیل وڑائچ کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے اسد عمر کو وزارت خزانہ سے فارغ کروایا تھا اور اس کا بدلہ اسد عمر نے دوبارہ طاقت میں آکر جہانگیر ترین سے لیا، اور انہیں عمران خان سے دور اور طاقتور قیادت کے حلقے سے نکلوا باہر کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اس آپسی رسہ کشی سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے اور یہ رسہ کشی پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں موجود ہے، جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی وجہ سے عوام کی امیدوں پر پورا نہیں اترے۔