لاہور میں ایک راہ چلتی خاتون کو اوباش نوجوان کی جانب سے ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم موٹر سائیکل سوار کیخلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز کی مدد سے ملزم کی شناخت کیلئے مدد لی جا رہی ہے۔
خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ خاتون ایک گلی سے گزر رہی تھی کہ اس کا پیچھا کرتے موٹر سائیکل سوار نے بار بار اس کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔
متاثرہ خاتون نے اوباش کی جانب توجہ نہیں کی تو اس نے غصے میں آکر اس پر آوازیں کسنا شروع کردیں اور بار بار تنگ کرتا رہا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل گلشن راوی کے علاقے میں بھی ایک اوباش نوجوان نے راہ چلتی خاتون کو ہراساں کیا تھا۔ ملزم نے خاتون کے سامنے فحش حرکات کرتے ہوئے اپنے کپڑے تک اتار لئے تھے۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آنے کے باوجود پولیس ابھی تک اس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ یہ نوجوان موٹر سائیکل سوار نوجوان گلی کے بیچوں بیچ کھڑا ہو کر فحش حرکات کرتا رہا۔
خاتون کے شوہر نے نامعلوم نوجوان کیخلاف تھانے میں شکایت درج کروائی تاہم پولیس ابھی تک اس کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔