پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں عدالت عالیہ کے جسٹس سرفراز ڈوگر اور اسجد جاوید گورال پر مشتمل دو رکنی منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز شریف کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر نیب کی جانب سے سینئر وکیل فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے دیے گئے گزشتہ روز کے دلائل پر جوابی دلائل دیے اور درخواست ضمانت کی مخالفت کی.

بعد ازاں انہوں نے مزید دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں11 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو نیب نے احتساب عدالت میں شہباز شریف، ان کے دو بیٹوں اور کنبے کے دیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کا 8 ارب روپے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔