Get Alerts

اکثر ہاتھ کی رگیں موٹی ہو کر بہت زیادہ نمایاں کیوں ہو جاتی ہیں؟ کیا آپ نے کبھی سوچا؟

اکثر ہاتھ کی رگیں موٹی ہو کر بہت زیادہ نمایاں کیوں ہو جاتی ہیں؟ کیا آپ نے کبھی سوچا؟
ہماری رگیں ایک سمارٹ نظام کی طرح کام کرتی ہیں جو کہ آکسیجن ملے خون کی منتقلی کا کام کرتی ہیں۔ عام طور پر لوگ رگوں کے بارے میں کچھ زیادہ غور اس وقت تک نہیں کرتے جب تک وہ اچانک جلد کے اندر سے ابھر کر نمایاں نہیں ہوجاتیں۔ اگر اچانک رگیں ہاتھ پر موٹی ہوکر نمایاں ہوجائیں تو اس کی وجہ کیا ہوتی ہے؟ کیا آپ نے کبھی سوچا؟

درحقیقت عام طور پر رگوں کا اس طرح ابھرنا فکرمندی کی بات نہیں ہوتی مگر کبھی کبھار یہ مخصوص طبی مسائل کا اشارہ بھی کرتی ہیں۔

جلد بھی وجہ ہوسکتی ہے

درحقیقت شفاف جلد کے مالک افراد میں رگوں کے ابھرنے کا امکان گہری رنگت کی جلد والے افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، اسی طرح پتلی جلد ہونا بھی ایک وجہ ہوسکتی ہے، کیونکہ عمر بڑھنے سے جلد کے اندر چربی کی تہہ پتلی ہوجاتی ہے جس کے نتیجے میں یہ رگیں ابھرنے لگتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اکثر بزرگ افراد کے ہاتھوں یا پیروں میں رگیں کافی نمایاں نظر آتی ہیں۔ ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ کچھ افراد کی رگیں قدرتی طور پر جلد کی سطح کے بہت قریب ہوتی ہیں۔

ورزش بھی وجہ ہوسکتی ہے

ورزش کے دوران رگوں کا اچانک ابھرنا عام ہوتا ہے، جسمانی سرگرمیوں کے درمیان جب مسلز حرکت میں آتے ہیں تو رگیں جلد کی سطح کی جانب ابھر کر نمایاں ہوتی ہیں۔ ورزش کے بعد جب مسلز دوبارہ قدرتی شکل میں جاتے ہیں تو رگیں بھی غیرنمایاں ہوجاتی ہیں۔

حاملہ خواتین

بیشتر حاملہ خواتین کو رگوں کے ابھرنے کا سامنا ہوتا ہے اور یہ فکرمندی کی علامت نہیں۔ درحقیقت حاملہ خواتین میں خون کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے اور یہ رگیں اس مقدار کے بڑھنے سے مطابقت پیدا کرنے کی کوششیں کررہی ہوتی ہیں۔ آسان الفاظ میں خون کی شریانوں کو حاملہ خواتین کے جسم کے اندر دوران خون کی منتقلی کے اوور ٹائم کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں رگیں اکثر نمایاں ہوجاتی ہیں، جو کہ بچے کی پیدائش کے بعد ممکنہ طور پر غائب بھی ہوجاتی ہیں۔

جسمانی کمزوری

جسم میں چربی کی سطح کم ہونا بھی رگوں کے ابھرنے کا باعث بنتی ہے، پتلے افراد کی جلد کے اندر چربی کی تہہ بھی پتلی ہوتی ہے اور یہ پتلی تہہ رگوں کو چھپانے کی بجائے زیادہ نمایاں کردیتی ہے۔

کب ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

بیشتر حالات میں تو رگوں کا ابھرنا عام معمول اور صحت کے لیے فائدہ مند ہی ہوتا ہے جس پر فکرمند ہونے کی بات نہیں، تاہم اگر رگیں ابھرنے کے ساتھ چند دیگر علامات جیسے سینے میں درد، سانس لینے میں مشکل، رگوں کے قریب ناسور یا سوجن ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے، کیونکہ یہ مختلف طبی مسائل کا عندیہ ہوسکتا ہے۔