ساہیوال کے نواحی گاؤں 43 فورایل میں ظالم وڈیرے نے ظلم کی ایسی انتہا کر دی جس سے انسانیت ہی شرما جائے۔
گذشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں تقریباً ساٹھ ستر سالہ شخص جو کہ حلیہ سے انتہائی غربت اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے والا انسان لگتا ہے، اسے کچھ لوگ گلے میں کتے کا پٹہ ڈال کر گھسیٹ رہے ہیں اور اسے زمین پر ناک رگڑنے کا کہتے ہیں لیکن جب وہ ایسا نہیں کرتا تو اسے پیٹھ پر مارا جاتا ہے، گالیاں دی جاتی ہیں اور اس بزرگ شخص کو تشددکا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
جب اس ویڈیو کی تصدیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ ساہیوال کے نواحی گاؤں 43 فور ایل میں علاقے کے وڈیرے نے ایک غریب شخص کی بیٹی کے ساتھ چھیڑ خانی کی۔ غیرت مند باپ نے پولیس سٹیشن میں درخواست دی جس پر وڈیرے نے اپنے بیٹے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے پر لڑکی کے باپ کو اغوا کر کے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا۔
https://twitter.com/Aadiiroy/status/1364497026226876416
بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر غریب مزدور کا وڈیروں کے خلاف پولیس کو درخواست دینا مہنگا پڑ گیا۔ غلام رسول کو زمان مدھول اور اس کے ساتھیوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں کتے کا پٹہ ڈال کر بازاروں میں گھسیٹتے رہے۔ کتے کے برتن میں پانی پلاتے رہے غریب کسان اللہ کے واسطے دیتا رہا۔
سوشل میڈیا صارفین اور انسانی حقوق کے کارکنان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان ظالموں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔