حکومت کی معجزاتی امیدیں

 حکومت کی معجزاتی امیدیں
تحریر : ( شاہینہ سعیدہ) سلیکٹڈ وزیراعظم اور انکے وزراء کی بائیس کروڑ عوام کو الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے بعد دلائی گئیں امیدیں آج کس موڈ پر ہیں۔ عمران خان آخر بتا دیں کہ وہ اور انکے لیڈران پاکستان کی 22 کروڑ عوام کو مزید کب تک بےوقوف بنائیں گے؟ آپ کے لاڈلے مراد سعید نے عوام کی امیدیں بڑھاتے ہوئے کہا تھا کہ جس دن عمران خان حلف لیں گے اس کے اگلے ہی دن پاکستان کا 200 ارب ڈالر جو باہر ملک میں ہے وہ لوٹ آئے گا۔ عمران خان اس میں سے 100 ارب ڈالر آئی ایم ایف کے منہ پر ماریں گے اور 100 ارب ڈالر آپ پر لگائیں گے مگر یہاں تو الٹ ہو گیا، عمران خان نے حلف بھی لے لیا مگر نہ 200 ارب ڈالر آئے نہ آئی ایم ایف کے منہ پر 100 ارب ڈالر مارے گئے بلکہ سلیکٹڈ حکومت نے آئی ایم ایف کے آگے کشکول پھیلا دیا اور مزید قرضہ مانگنے لگے، یہ ہی نہیں آپ کی پارٹی کے شوخے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھی عوام کو سنہرے خواب دیکھاتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ لاکھوں نوکریاں آنے والی ہیں، ملک کا بہت اچھا وقت آنے والا ہے، یہاں تک کہ ٹھیلے والا، پانی والا بھی کہے گا کہ مجھ سے ٹیکس لے لو، باہر ملکوں سے لوگ نوکری کرنے پاکستان آئیں گے۔

جھوٹی امیدوں کا سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوتا بلکہ تحریک انصاف کے لیڈران نے کہا کہ کرپشن ختم کی جائے گی، کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا، کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں ہو گی ہم ایمنسٹی اسکیم کے خلاف ہیں ایسی اسکیم ہمارے لیے ہرگز بھی قابل قبول نہیں جہاں بلیک کا پیسہ وائٹ کیا جاتا ہو، ہم کسی دوسرے ملک سے بھیک نہیں مانگیں گے، ہم آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے کہ ہمیں انکی کوئی ڈیل ماننی پڑے جو نیا پاکستان میں دیکھتا ہوں وہاں ہم دوسرے ملکوں کی مدد کر رہے ہوں گے روپے کی قدر اور اسٹاک مارکیٹ بلندی پر ہوں گے، ملک میں خوشحالی ہی خوشحالی ہو گی۔

امیدوں میں ایک سب سے بڑی امید عمران خان نے کیکڑا ون سے یہ بھی دلائی کہ کراچی کے سمندر سے تیل اور گیس کے زخائر نکلنے والے ہیں اور اس سے پاکستان کے اگلے 50 سال تک کے گیس کے مسلے حل ہو جائیں گے مگر پھر پتہ چلا کہ کیکڑا ون سے گیس نہ نکل سکی۔

شاید عمران خان کو کیکڑا ون کی تاریخ کا نہیں پتا تھا ایک بار پھر عمران خان نیازی ناکام ہو گئے، عوام کی امیدوں پر ایک بار پھر پانی پھر گیا. سمندر سے گیس اور تیل تو نہیں نکل سکا مگر عوام کا تیل ضرور نکل گیا۔

تقریبا 14 سے 15 بلین ڈوب گئے۔ کیا نیب اس کی باز پرس کرے گا؟ کیا اس پر انکوائری ہو گی؟ آپ اور آپ کے نااہل وفاقی منسٹرز بیانات پے بیانات دیے جاتے ہیں مگر عملی طور پر کوئی کارکردگی نہیں، پاکستان میں انقلاب لانے والوں نے ملک و قوم کو غربت، بےروزگاری اور قرضے کے پیچھے دھکیل دیا ہے، 9 ماه میں عوام اور ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے جبکہ غریب عوام کو سوائے ناامیدی کے تحریک انصاف سے کچھ نہ مل سکا۔

عمران خان کو بڑی بڑی امیدیں دلانے سے پہلے ایک بار سوچنا چاہیے کہ اب وه کنٹینر پر نہیں ہیں جو کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، انھیں سوچنا چاہیے کہ وہ اب ملک کے وزیراعظم ہیں اور ملک کی ترقی و بربادی کے ذمہ دار بھی ہیں۔

قرآن پاک کی آیت میں ہے کہ’’اللہ پاک بھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ اپنی حالت کو خود نہ بدلے‘‘ بائیس کروڑ عوام کو بڑی بڑی امیدیں اور خواب دیکھا کر آپ موجزات کا انتظار کر رہے ہیں، اپنے ملکی حالات بہتر کرنے کے لیے سوچیں اور کام کریں، آپ کی ساری امیدوں کا مہور کیکڑا ون تھا جو اب نہیں رہا لہٰذا عوام کو مزید جھوٹی امیدیں نہ دیں یا تو عوام کو ثابت کر دیں کہ آپ سچ کہہ رہے تھے یا مان لیں کہ آپ اور آپ کے تمام لیڈران نااہل و نالائق ہیں۔ عوام کو روٹی، نوکری، صحت، تعلیم اور امن و سکون چاہیے جو آپ کی حکومت میں ملتا اب کسی کو نظر نہیں آ رہا۔

مصنّفہ پیپلز پارٹی کی کارکن اور کراچی خواتین ونگ کی سیکرٹری اطلاعات ہیں۔ ان سے ٹوئٹر پر @ShahinaSaeeda پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔