Get Alerts

جونیئر این ٹی آر کی 'دیوڑا ون' بالی ووڈ کیلئے چیلنج ثابت ہو گی

اگرچہ جونیئر این ٹی آر اور رام چرن کی فلم ٹرپل آر ہندی اردو سرکٹ میں 222 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے مگر ٹرپل آر کا سپر اسٹار ڈائریکٹر ایس ایس راجہ مولی تھا۔ دیوڑا ون جونیئر این ٹی آر کی اپنے دم پر پہلی فلم ہے جو پین انڈیا ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

جونیئر این ٹی آر کی 'دیوڑا ون' بالی ووڈ کیلئے چیلنج ثابت ہو گی

پچھلے چند سالوں میں جنوبی بھارت کی فلموں نے بالی ووڈ کی مرکزیت پر جو شگاف ڈالا تھا اب ہر آنے والے سال میں وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ بھارت میں سو سالہ تاریخ میں ہمشہ بالی ووڈ کو ہی مرکزیت حاصل رہی ہے۔ جنوبی بھارت کی فلموں کو ہمیشہ بالی ووڈ کے بعد ہی شمار کیا جاتا تھا۔ اکثر دہلی میں منعقد ہونے والی سرکاری تقریبات میں جو پذیرائی دلپپ کمار اور امیتابھ بچن کو ملتی تھی ویسی پذیرائی کبھی بھی رجنی کانت، کمل ہاسن یا چرج جیوی کو نہیں ملی جس کا جنوب والے شکوہ بھی کرتے ہیں۔ مگر پچھلے 8 سالوں میں جنوبی بھارت کی یکے بعد دیگرے فلموں کی پین انڈیا کامیابیوں نے بالی ووڈ کی مرکزیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

جنوبی بھارت کے سٹارز نے پین انڈیا کامیابیوں کے بعد وہ کارنامے انجام دیے جو بالی ووڈ کے 7 بڑے سپر سٹارز؛ شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اکشے کمار، اجے دیوگن، ہریتک روشن اور رنبیر کپور بھی نہیں کر سکے۔ جنوب کے پربھاس، یش، الو ارجن کی فلموں نے ہندی اردو سرکٹ سے 100 کروڑ سے زائد جبکہ کچھ فلموں نے 400 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔ دوسری جانب بالی ووڈ کے صرف دو سپر سٹارز شاہ رخ خان اور رنبیر کپور کی فلمیں جنوب میں 55 کروڑ تک ہی کمانے تک محدود رہی ہیں۔

اب ایک اور جنوب کا سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر ایک بڑی فلم ' دیوڑا ون' کے ذریعے تخت بالی ووڈ میں ایک اور شگاف ڈالنے آ رہا ہے۔ گو کہ جونیئر این ٹی آر اور رام چرن کی فلم ٹرپل آر ہندی اردو سرکٹ میں 222 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے مگر ٹرپل آر کا سپر اسٹار ڈائریکٹر ایس ایس راجہ مولی تھا جس کی اسٹار پاور کسی بھی فلم اسٹار کے برابر ہے۔ دیوڑا ون جونیئر این ٹی آر کی اپنے دم پر پہلی فلم ہے جو پین انڈیا ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس فلم کی کامیابی کے خاصے امکانات ہیں۔ جونیئر این ٹی آر کو پربھاس، الو ارجن اور یش پر جو سبقت حاصل ہے وہ اس کی ہندی اردو مکالمے کی ادائیگی ہے۔ جونیئر این ٹی آر روانی کے ساتھ ہندی اردو بول سکتا ہے اور وہ ایک بہترین اداکار ہے۔

فلم دیوڑا ون کا ایک اور مثبت پہلو اداکار سیف علی خان کا ہونا ہے جو ولن کے رول میں ہے۔ سیف علی خان ماضی میں ایک حسینہ تھی، اوم کارا، اور تانا جی میں بہترین منفی کردار نگاری کر چکا ہے۔ وہ ایک ہرفن مولا اداکار ہے۔ جھانوی کپور سری دیوی جی کی بیٹی ہے۔ سری دیوی واحد پین انڈیا سپر ہیروئن تھی۔ جھانوی اب تک صف اول کی ہیروئن نہیں بن سکی۔ اس فلم سے ان کے پاس موقع ہے کہ وہ صف اول کی ہیروئن بن سکے۔

رائٹر ڈائریکٹر کولترا شیوا نے دیوڑا ون پر بہت محنت کی ہے۔ 27 ستمبر کو دنیا بھر میں چار ہزار کے قریب سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ توقع ہے کہ فلم جنوبی بھارت سے 250 کروڑ تک، ہندی اردو سرکٹ سے 100 کروڑ تک اور دنیا بھر سے 450 کروڑ تک کمانے میں کامیابی حاصل کر لے گی۔ فلم کا بجٹ 260 کروڑ تک ہے۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔