بھارتی فلم انڈسٹری کو ہمیشہ سے دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا رہا ہے۔ ایک بالی ووڈ جس کا مرکز ممبئی ہے اور دوسرا جنوبی بھارت جہاں چنائے، حیدر آباد اور بنگلور میں فلمیں بنتی ہیں۔ جنوبی بھارت میں چار زبانوں میں فلمیں بنتی ہیں؛ تامل، تیلگو، ملیالم اور کناڈا، مگر شہرت زیادہ تامل اور تلگو فلموں کو حاصل ہوتی ہے۔ پہلی بار کے جی ایف ون اور ٹو کے ذریعے کناڈا فلم کو پین انڈیا شہرت ملی ہے مگر جنوبی بھارت میں ابھی بھی مرکزیت تامل اور تیلگو فلموں کو ہی حاصل ہے۔
چنائے اور حیدر آباد کے اداکار جیسے رجنی کانت، کمل ہاسن، میش بابو، تھلا پتی، وجے چیرن، جیو رام چرن، جونیئر این ٹی آر اور پربھاس مرکزی ہیرو ہوتے ہیں مگر ان سب میں پربھاس واحد اداکار ہے جو اس وقت پورے بھارت کا سب سے بڑا سپر سٹار بن چکا ہے۔ اس کی پانچ میں سے چار فلموں باہو بلی ون اور ٹو، ساہو، آدی پرش نے پورے بھارت میں شاندار بزنس کیا۔ آدی پرش کو فلاپ فلم کہا جاتا ہے مگر اس کا پورے بھارت سے بزنس 359 کروڑ ہے۔ اگر کسی ہیرو کی فلم 200 کروڑ ہی کما لے تو اس کو سپر ہٹ مانا جاتا ہے مگر پربھاس کی فلاپ فلم آدی پرش 359 کروڑ بھارت سے اور 460 کروڑ سے زیادہ پوری دنیا سے کما چکی ہے۔ اس سے پربھاس کی سٹار پاور کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
پربھاس کے بعد اگر کوئی ہے تو وہ کناڈا فلموں کا یش ہے جس کی دو فلموں کے جی ایف ون اور ٹو نے پین انڈیا بزنس کیا ہے۔ اس میں تامل ناڈو کے ایک بہت بڑے فلمساز اشونی دت نے ایک بہت بڑے بجٹ 600 کروڑ کی فلم شروع کر دی ہے جس کو 12 جنوری 2024 میں پورے بھارت میں شاندار انداز سے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم ٹریڈ پنڈت کہہ رہے ہیں کہ اس فلم کا پہلے دن کا بزنس بھارت سے 150 کروڑ کا ہو سکتا ہے اور اگر فلم بینوں کو بھا گئی تو پہلے ویک اینڈ میں ہی فلم 300 کروڑ کر سکتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ فلمساز آشونی دت نے ممبئی سے امیتابھ بچن اور دپیکا پاڈوکون، چنائے سے کمل ہاسن اور حیدر آباد سے پربھاس کو کاسٹ میں شامل کیا ہے۔ فلم کو ' پروجیکٹ کے' کہا جا رہا تھا۔ فلم کا نام ہے؛ کالکی AD 2898 جس کا سکرپٹ نگ اشوین اور مادیو بھورا نے لکھا ہے جبکہ ڈائریکٹر نگ اشوین ہیں۔
اس فلم کے ذریعے ایک بہت بڑا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ ایک تو تینوں بڑے فلمی مراکز یعنی ممبئی، چنائے اور حیدر آباد کے سپر سٹارز امیتابھ بچن، کمل ہاسن اور پربھاس کو ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا ہے اور دوسری طرف بھارت کی اساطیری داستان کو سائنس فکشن کا روپ دیا گیا ہے۔ یہ فلم 4 لاکھ سال بعد کی کہانی کو سلور سکرین پر پیش کرے گی۔
ہندو متھ کے مطابق یہ کلیوگ کا دور چل رہا ہے۔ بھگوان وشنو کا آخری اوتار کالکی ہو گا جو دنیا میں آج سے چار لاکھ سالوں کے بعد آئے گا۔ اپنوں کی موت کا زخم سہنے کے بعد دنیا کو راجہ کوہلی کے ظلم و ستم سے نجات دلا کر ظلم کا خاتمہ کر دے گا۔ پربھاس کالکی اور کمل ہاسن راجہ کوہلی کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ امیتابھ بچن اور دپیکا پاڈوکون بہت اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم کے ڈائریکٹر نگ اشوین نے چار ہزار سال پرانی اساطیری کہانی کو چار لاکھ سال کے بعد کی کہانی بنا کر پیش کرنا ہے جو کہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ امیتابھ بچن جو 4 بار نیشنل ایوارڈ ونر ہیں، کمل ہاسن 3 بار کے نیشنل ایوارڈ ونر۔ ان کے ساتھ پین انڈیا سپر سٹار پربھاس اور خوبصورت دپیکا پاڈوکون کو ایک فریم میں دیکھنا زبردست ہو گا۔ فلم میں وی ایف ایکس کا استعمال ڈائریکٹر نگ اشوین کی مہارت کا امتحان ہو گا۔
سال 2024 کی ابتدا بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی فلم کالکی AD 2898 سے ہونے جا رہی ہے۔ ابھی سے تصور کریں امیتابھ بچن، کمل ہاسن اور پربھاس ایک ساتھ سلور سکرین پر کیسے نظر آئیں گے!
حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔