کالکی 2898 اے ڈی ایک ایسی فلم ثابت ہوئی ہے جس نے تین نسل کے اداکاروں کو آمنے سامنے لا کر کھڑا کر دیا؛ شری امیتابھ بچن، مہاراج کمل ہاسن اور پین انڈیا سپر سٹار پربھاس۔ ان تینوں اداکاروں کے پرستاروں کی تعداد کروڑوں میں ہے جو صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور اوپر سے دپیکا پاڈوکون جس کی شہرت اور مقبولیت کو شادی بھی نہ کم کر سکی۔ رنویر سنگھ سے شادی کے بعد اس کی آخری فلم چار سال قبل چھپاک ریلیز ہوئی تھی جو فلاپ رہی۔ اس کے بعد دپیکا پاڈوکون نے پٹھان، جوان اور اب کالکی سے ایسا شاندار کم بیک کیا ہے کہ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ایسا کم بیک کسی شادی شدہ ہیروئن کا نہیں ہوا۔
کالکی ایک تاریخی کامیابی کی طرف رواں دواں ہے۔ 600 کروڑ کے بجٹ سے بنی یہ فلم اب تک ہندوستان کی فلمی تاریخ کی مہنگی ترین فلم ہے اور اب تک صرف 6 دن میں دنیا بھر سے 680 کروڑ تک کا بزنس کر چکی ہے۔ اس فلم کو بھارت سمیت دنیا بھر کے 6 ہزار کے قریب سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا۔ بجٹ کی ریکوری صرف 6 دن میں اور منافع کا آغاز ہندوستانی سنیما کے اتہاس میں نئے باب لکھ رہا ہے۔ اب ہر آنے والا دن فلمساز اشوانی دت، فلم کے تقسیم کاروں اور سنیما مالکان کے لیے منافع ہی منافع بخش ثابت ہو گا جو کہ بہت خوش آئند بات ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
فلم کے ڈائریکٹر ناگ ایشوین نے فلم کا سکرپٹ بھی خود لکھا ہے۔ ناگ ایشوین نے 6 ہزار سال قبل از میسح کے ہندوستان کے شہر کانسی جسے دنیا کا قدیم ترین شہر کہا جاتا ہے، وہاں مقدس ویدوں کی کہانی کو شروع کر کے 2898 اے ڈی تک 6 لاکھ سال کا سفر طے کیا اور قدیم ترین ویدوں کو سائنس فکشن میں ڈھال کر ایک شاہکار تخلیق کر دیا ہے۔
اگر اداکاری کی بات کی جائے تو 4 بار کے نیشنل ایوارڈ ونر صدی کے مہا نائیک امیتابھ بچن نے میلہ لوٹ لیا۔ 81 برس کی عمر میں نہایت مہارت اور چابکدستی کے ساتھ کردار ادا کر کے انہوں نے بتا دیا کہ ان کا انرجی لیول جوانوں پر بھی بھاری ہے۔ 44 سالہ پربھاس کے ساتھ ایکشن سین تو دم بخود کر دیتے ہیں۔ بلاشبہ امیتابھ بچن ایک لازوال کردار ادا کر گئے ہیں۔ فلم کے ہیرو پربھاس ہندوستان کا واحد پین انڈیا سپر سٹار ہے جس کی ہر فلم ہندی اور جنوب، اوورسیز میں 300 کروڑ تو بآسانی کر جاتی ہے۔ پربھاس واحد ہیرو ہے جس کی فلم کی کامیابی کا تناسب 400 کروڑ تک ہے جبکہ باقی ہیروز 150 کروڑ تک کی کامیابی کے پیمانے پر اترتے ہیں۔
کالکی کا تیسرا اہم ترین کردار 3 بار نیشنل ایوارڈ ونر 66 سالہ کمل ہاسن نے ادا کیا۔ اپنے مختصر کردار میں وہ ایک ایسی چھاپ چھوڑ دیتے ہیں کہ سنیما گھروں سے نکلنے والا ہر فلم بین کالکی 2 کا ابھی سے انتظار شروع کر دیتا ہے۔ کمل ہاسن بھارت کا بہت بڑا اداکار ہے۔ ولن کے کردار کو جو نفرت سمیٹنے میں کامیابی ملی ہے وہ ان کی فنکارانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
مجموعی طور پر کالکی 2898 اے ڈی سنیما کی تاریخ میں جو کامیابی کے نئے سنگ میل عبور کر رہی ہے ان تک رسائی حاصل کرنا آنے والی فلموں کے لئے مشکل ٹارگٹ ہو گا۔